پولیس سے مقابلے ،5ملزمان زخمی حالت میں گرفتار

پولیس سے مقابلے ،5ملزمان زخمی حالت میں گرفتار

ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد کر لیا گیا مڈبھیڑ کشمیر روڈ،تین ہٹی ندی اورعزیز بھٹی پارک کے قریب ہوئی

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان تین علیحدہ علیحدہ مبینہ مقابلوں کے دوران 5 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد کر لیا گیا ہے ۔پولیس کے مطابق پہلا مقابلہ جمشید کوارٹرز تھانے کی حدود میں کشمیر روڈ کٹ کے قریب پیش آیا جہاں گشت پر موجود پولیس ٹیم کا مشتبہ ڈاکوؤں سے آمنا سامنا ہوگیا۔اس دوران دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ زخمی ملزم کی شناخت عامر زیب عرف شینا ولد گل زیب خان کے نام سے ہوئی ہے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا غیر قانونی اسلحہ بمعہ ایمونیشن برآمد کر لیا گیا جبکہ اس کے زیر استعمال موٹرسائیکل کو بھی ضابطے کے تحت تحویل میں لے لیا گیا۔زخمی ملزم کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ اس کے سابقہ مجرمانہ ریکارڈ کی جانچ کی جا رہی ہے ۔دوسرا مبینہ پولیس مقابلہ تین ہٹی ندی کے قریب پیش آیا جہاں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے ڈاکوؤں کی شناخت حنین اور حارث کے نام سے ہوئی ہے ۔تیسرا مقابلہ گلشن اقبال عزیز بھٹی پارک کے قریب ہوا جہاں مبینہ طور پر پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں