بچی واٹر کارپوریشن کی کھلی لائن میں ڈوب گئی

  بچی واٹر کارپوریشن کی کھلی لائن میں ڈوب گئی

گلشن حدید کے قریب لائن کا کچھ حصہ کھلا تھا،پاؤں پھسلنے سے گر گئی ثنا دختر نظیر جائے وقوع کے قریب ہی واقعے ایک گوٹھ کی رہائشی تھی

کراچی (این این آئی)گھر سے پانی بھرنے کے لیے آئی بچی گلشن حدید کے قریب واٹر کارپوریشن کی 72 انچ قطر کی لائن میں ڈوب گئی ، جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور بچی کی تلاش شروع کر دی ۔واقعے کی اطلاع ملنے پر اطراف کے گوٹھوں کے رہائشی بڑی تعداد جائے وقوع پر جمع ہوگئے ۔بچی کے ڈوبنے کا افسوس ناک واقعہ منگل کی شام کو پیش آیا تھا ۔بعد ازاں رات گئے تک ریسکیو ٹیم بچی کی تلاش کے لیے لائن میں سرچ آپریشن کرتی رہی اور بالآخر تاریکی کے باعث آپریشن روک دیا گیا تھا، جسے بدھ کی صبح دوبارہ شروع کیا گیا۔

پولیس کے مطابق 14 سالہ ثنا دختر نظیر جائے وقوع کے قریب ہی واقعے ایک گوٹھ کی رہائشی تھی۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق ثنا واٹر لائن سے پانی بھرنے کے لیے آئی تھی اور پانی بھرنے کے دوران پاں پھسلنے سے گر کر ڈوب گئی۔ اہل علاقہ کے مطابق پانی کی لائن کا کچھ حصہ کھلا ہے ، جہاں سے گوٹھ کے افراد پانی بھرتے ہیں۔ترجمان ریسکیو 1122 نے بتایا کہ جوکھیو کے قریب پانی کی لائن میں بچی کے ڈوبنے کی اطلاع 7 بجے شام موصول ہوئی، جس پر سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول نے ٹیم کو جائے وقوع پر روانہ کیا، جہاں آپریشن رات دیر تک جاری رہا، تاہم اندھیرے کے باعث صبح دوبارہ تلاش شروع کی گئی۔بیان کے مطابق ابتدائی معلومات سے پتا چلا ہے کہ بچی پانی بھرنے کے دوران پھسل کر تیز بہا والے واٹر چینل میں گر گئی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں