گرمی کا آغاز ہوتے ہی بجلی کی گھنٹوں بندش، پانی کی قلت، صارفین کا احتجاج

گرمی کا آغاز ہوتے ہی بجلی کی گھنٹوں بندش، پانی کی قلت، صارفین کا احتجاج

گرڈ سٹیشنوں ، فیڈرز کی مرمت کی آڑ میں اندرون شہر صبح 9 سے سہ پہر تک تمام تجارتی وصنعتی علاقوں ،مارکیٹوں اوررہائشی علاقوں میں بجلی بندرہنے سے شہری پریشان،حکام سے نو ٹس لینے کا مطالبہ

گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)گرمی کا موسم شروع ہوتے ہی مینٹی نینس کے نام پر بجلی کی گھنٹوں بندش کا آغاز ہوگیا، ابتدا ہی میں کئی کئی گھنٹے بجلی غائب رہنے لگے ، گزشتہ روزگرڈسٹیشنوں،فیڈرزکی مینٹی ننس کے نام پر شہر کے بیشتر علاقوں میں مسلسل 6 سے 7 گھنٹے بجلی بندرہی جس سے شہری، تجارتی و کاروباری حلقے سراپا احتجاج بن گئے ۔گیپکوکے سٹی سرکل میں قائم تمام سب ڈویژنوں میں گزشتہ روزصبح 9 بجے سے بجلی بندرہی، اندرون شہر تمام تجارتی وصنعتی علاقوں ،مارکیٹوں اوررہائشی علاقوں میں بجلی بندرہنے سے شہری پریشان رہے ، شدیدگرمی میں پسماندہ علاقوں کے مکین پانی سے بھی محروم رہے ۔ شہریوں کاکہنا ہے کہ گرمی کا موسم شروع ہوتے ہی بجلی کی بندش نے عوام کا جینا مشکل کردیا ہے مسلسل کئی گھنٹے بجلی کی بندش حکمرانوں کے ترقیاتی نعروں کا منہ چڑا رہی ہے جبکہ مچھروں کی بہتات سے بھی شہریوں کی پریشانی میں اضافہ ہوگیا ۔بجلی کی بندش کے باعث شہریوں اور تاجروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہونے لگا۔ صارفین کا کہنا ہے کہ حکام کو صورتحال کا نوٹس لیکر بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنا نا چاہیے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں