بیوہ کاسالڈ ویسٹ کیخلاف 9 کروڑ ہرجانے کادعویٰ
گلشن بہار میں سالڈ ویسٹ کے ٹرک کی ٹکر سے شوہر عمر فاروق مارا گیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سینئر سول عدالت غربی سٹی کورٹ میں اورنگی ٹاؤن گلشن بہار میں ٹرک کی ٹکر سے شہری کی ہلاکت کے معاملے پر متوفی کی بیوہ نے سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے خلاف 9 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا۔ دعوی کے مطابق متوفی عمر فاروق کی بیوہ عظمیٰ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ 21 مارچ 2026 کو ان کے شوہر عمر فاروق کام سے واپس گھر لوٹ رہے تھے ۔ درخواست گزار کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ کے مطابق جب وہ گلشن بہار کے علاقے میں پہنچے تو ایک ٹرک نے ان کی موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔
وکیل کے مطابق ٹرک کی ٹکر سے عمر فاروق شدید زخمی ہوگئے اور انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ میڈیکل رپورٹ میں موت کی وجہ ٹرک کی ٹکر سے آنے والے زخموں کو قرار دیا گیا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شہری کی جان لینے والا ٹرک سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کا تھا، اس لیے ادارہ اس واقعے کا ذمہ دار ہے ۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ متوفی عمر فاروق اپنے اہل خانہ کا واحد کفیل تھا اور اس کی کمائی سے ہی گھر کا گزر بسر ہوتا تھا، اس لیے اس کی موت سے خاندان شدید متاثر ہوا ہے ، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو 9 کروڑ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا جائے۔