اسٹیل ملز انتظامیہ کا ملازمین پر ایک اور معاشی حملہ
میٹرک امتحانات سے چھ روز قبل ملازمین اور اساتذہ جبری برطرف
کراچی (سٹی ڈیسک)پاکستان اسٹیل ملز انتظامیہ نے میٹرک امتحانات سے چھ روز قبل ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے ملازمین اور اساتذہ کو ملازمتوں سے جبری طور پر برطرف کردیا ہے ۔اسٹیل ملز کے زیر انتظام شاہ لطیف اسکول، علامہ اقبال ڈگری کالج اور مادر ملت ڈگری کالج کو باقاعدہ ایک ٹینڈر کے ذریعے این جے وی اسکول مینجمنٹ بورڈ کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق اس فیصلے کا مقصد ان تعلیمی اداروں کے انتظامی و تعلیمی امور کو بہتر انداز میں چلانا ہے کیونکہ پاکستان اسٹیل ملز اس وقت شدید مالی بحران کا شکار ہے ۔ اسی تناظر میں یہ اقدام اٹھایا گیا۔
نئے انتظامی ڈھانچے کے تحت ان اسکولز اور کالجز میں خدمات انجام دینے والے تمام اساتذہ اور تدریسی عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں اب این جے وی مینجمنٹ بورڈ کے ماتحت انجام دیں۔ مزید برآں متاثرہ ملازمین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے روزگار کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور متبادل ملازمت کے مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ معاشی مشکلات سے بچ سکیں۔علاوہ ازیں پاسلو یونین نے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی حکومت، سپریم کورٹ سمیت مقتدر حلقے اس غیر قانونی عمل کا نوٹس لیں۔