سکھر:پولیس ہیڈکوارٹرز روڈ پردکانیں مسمار کرنے کا آغاز
جگہ ایس آر ٹی سی کی ملکیت،پارکنگ پلازہ تعمیر کیا جائے گا،میونسپل افسران 40سال سے کاروبار کر رہے ،تمام دستاویزموجود،حکام نوٹس لیں، دکاندار
سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر میونسپل کارپوریشن کے عملے نے پولیس و رینجرز کے ہمراہ پولیس ہیڈ کواٹرز روڈ پر بڑا آپریشن کرتے ہوئے ایس آر ٹی سی بس اسٹینڈ کے ساتھ قائم دکانیں مسمار کرنے کا آغاز کردیا۔ بدھ کی صبح سے ہیوی مشینری کے ساتھ دکانیں گرانے کا عمل جاری ہے ، راستے بند ہونے کی وجہ سے علاقہ مکین پریشان دکھائی دے رہے ہیں۔ آپریشن کی وجہ سے پولیس ہیڈ کوارٹرز سے بیڑی چوک تک کا راستہ مکمل بند کر دیا گیا، جبکہ پورے علاقے کی بجلی بھی منقطع ہونے کی وجہ سے گھریلو و کاروباری سرگرمیاں متاثر ہیں۔
آپریشن کے آغاز کے ساتھ ہی دکانداروں کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہوگئی اور سکھر میونسپل کارپوریشن کے عملے کو آپریشن روکنے کیلئے کہا، تاہم میونسپل افسران نے متاثرہ دکانداروں کو بتایا کہ کارروائی عدالت کے احکامات پر کی جا رہی ہے اور اس جگہ پر پارکنگ پلازہ تعمیر کرنے کا منصوبہ ہے ، یہ جگہ سندھ روڈ ٹرانسپورٹ کاررپوریشن (ایس آر ٹی سی )کی ہے ، جہاں میونسپل کارپوریشن پارکنگ پلازہ بنا رہی ہے ۔ دوسری جانب متاثرہ دکانداروں نے دعویٰ کیا کہ ہم 40 سال سے یہاں کاروبار کر رہے ہیں،انصاف کے لیے عدالت سے بھی رجوع کیا،ہمارے پاس تمام دستاویزات موجود ہیں، ہمارے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے ۔ دکانداروں نے بتایا کہ پرانے نقشے کے مطابق یہ اراضی بس اسٹینڈ کے احاطے سے باہر ہے لیکن آپریشن جاری ہے ۔ متاثرہ دکانداروں نے حکام بالا سے نوٹس لے کر انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔