غیر محفوظ گیس سلنڈرز کی فروخت پر 345 دکانیں سربمہر
کارروائی میں 28لاکھ روپے سے زائد جرمانہ، تین افراد کو گرفتار کیا گیاکمشنر کی زیر صدارت اجلاس میں میر کرم علی تالپور روڈ ٹریفک کیلئے کھولنے کا فیصلہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر )کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدار ت ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کے اجلاس میں مختلف شہری مسائل کے حل، ٹریفک دباو کا سبب بننے والی تجاوزات کے خاتمہ اور غیر محفوظ اور غیر معیاری سلنڈرز کی فروخت کے خلاف کراچی انتظامیہ کی کاوشوں اور اقدامات کا جائزہ لیاگیا۔فیصلہ کیا گیا کہ غیر محفوظ اور غیر معیاری محفوظ ایل پی جی گیس سلنڈرز کی فروخت اور روڈ سایڈ تجاوزات و ہوٹل سٹنگز کے خلاف مہم جاری رہے گی۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ دوبارہ تجاوزات کی روک تھام کے لئے جامع منصوبہ بندی کی جائے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ ایک ماہ میں 212 تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا۔
غیر محفوظ گیس سلنڈرز کی فروخت پر 345 دکانیں سیل کی گئیں 28 لاکھ روپے سے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ تین افراد کو گرفتار کیا گیا۔کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام افسران کمشنر کراچی پورٹل کے ذریعے روزانہ کارکردگی سے کمشنر آفس کو آگاہ رکھیں۔ اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کواورٹرز رابعہ سید نے اجلاس کو گزشتہ ایک ماہ کی تجاوزات کے خلاف کارکردگی رپورٹ پیش کی ۔ اجلاس کو تبایا گیاکہ ضلع جنوبی میں 121 ،ضلع ملیر میں 21 ، ضلع غربی میں 44، ضلع وسطی میں چارتجاوزات کا خاتمہ کیا گیا۔اجلاس میں میر کرم علی تالپور روڈ کو دوبارہ ٹریفک کے لئے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔