ہیوی ٹریفک گردی جاری ،موٹرسائیکل سوار چل بسا
واٹرٹینکر سے حادثے میں ایک شخص زخمی بھی ہوا،ڈرائیور موقع سے فرار ساڑھے تین ماہ میں مجموعی طور پر 295افراد زندگی سے محروم ہوگئے
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)شہر میں ہیوی ٹریفک گردی جاری ہے جہاں واٹر ٹینکر نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی جبکہ دوست زخمی ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق قائد آباد چاول گوادم کے قریب تیز رفتار واٹر ٹینکر نے موٹرسائیکل سوار کو کچل دیا جس کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ اُس کا دوست زخمی ہوگیا۔حادثے کے بعد ریسکیو رضاکاروں نے میت اور زخمی کو اسپتال منتقل کیا جبکہ ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ پہنچ کر شواہد اکھٹے کیے اور واٹر ٹینکر کو تھانے منتقل کردیا۔
اس حوالے سے ایس ایچ او قائد آباد محمد علی شاہ نے بتایا کہ جاں بحق نوجوان کی شناخت 17 سالہ اندان راجہ کے نام سے کی گئی جبکہ زخمی ہونے والے 20 سالہ عدنان کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ فوری طور پر حادثے کی نوعیت کا معلوم نہیں ہوسکا۔انہوں نے مزید بتایا کہ دونوں نوجوان قائد آباد شیر پاؤ کالونی کے رہائشی بتائے جاتے ہیں اور اس حوالے سے پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے ۔رواں سال کے ساڑھے تین ماہ (یکم جنوری سے 15 اپریل) کے دوران جان لیوا خونی ٹریفک حادثات میں مجموعی طور پر 295 افراد زندگی سے محروم جبکہ 3 ہزار 205 افراد زخمی بھی ہوئے ۔اعداد و شمار کے مطابق ہیوی گاڑیوں سے پیش آنے والے دلخراش ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 100 ہوگئی جس میں سب سے زیادہ 46 جان لیوا ٹریفک حادثات کا زمہ دار ٹریلر نکلا۔