تھرپارکر :سنگدل باپ نے 25 دن کا بیٹا ٹنکی میں پھینک کر ماردیا
پولیس نے فیضان کی لاش اسپتال ، ملزم اللہ بچایو کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کردیاملزم نے اعتراف جرم کرلیا، واقعہ کی تحقیقات جاری، مقدمہ درج کیا جائے گا، پولیس
تھرپارکر (نمائندہ دنیا) مٹھی میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں ایک سنگ دل باپ نے اپنے 25 دن کے بیٹے کو پانی کی ٹنکی میں پھینک دیا، جس کے باعث وہ ڈوب کر جاں بحق ہوگیا، جبکہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق مٹھی کے مشرقی علاقے بجیر محلہ میں اللہ بچایو بجیر نے اپنے 25 دن کے بیٹے فیضان کو مبینہ طور پر بے دردی سے قتل کر دیا۔ ذرائع کے مطابق بچے کی والدہ گھر سے باہر تھی کہ اس دوران سنگ دل باپ نے بچے کو گھر کے اندر موجود پانی کی ٹنکی میں پھینک دیا، جس کے نتیجے میں وہ ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور بچے کی لاش کو ٹنکی سے نکال کر اسپتال منتقل کیا، جبکہ ملزم باپ کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا۔ واقعہ کے بعد متوفی بچے کی والدہ بے ہوش ہو گئی۔ ملزم نے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ہوش و حواس میں میں نہیں تھا اور اس پر کسی نے جادو کیا ہوا ہے ، جس کی وجہ سے اس نے انتہائی قدم اٹھایا۔دوسری جانب علاقہ مکینوں نے بتایا کہ ملزم اکثر گھر میں فارغ بیٹھا رہتا تھا اور اپنی بیوی پر بھی تشدد کرتا تھا۔ اس سے قبل کئی بار بیوی کے ساتھ جھگڑے اور تنازعات ہو چکے تھے ۔رابطہ کرنے پر پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے ، واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں ، ورثا سے مزید تفصیلات حاصل کرنے کے بعد مقدمہ درج کرلیا جائے گا۔