اسٹریٹ کرائم میں ملوث ایمو گروہ کے کارندے گرفتار
رینجرز کی خفیہ اطلاع پر مجاہد کالونی، ناظم آباد میں کارروائی ،اسلحہ برآمدڈکیتی وراہزنی کے ساتھ وحید کالونی میں منشیات فروشی میں بھی ملوث
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان رینجرز (سندھ)کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں،خفیہ اطلاع پر کراچی کے علاقے مجاہد کالونی، ناظم آباد میں کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ’’ایمو گروہ‘‘سے تعلق رکھنے والے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان میں گروہ کا سرغنہ محمد جنید ولد محمد عثمان، محمد شہاب ولد حمید الرحمان اور وقاص احمد عرف گھونگرو ولد محمد خان شامل ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے 2 عدد 30 بور پستول بمعہ ایمونیشن، 2 موبائل فونز اور نقدی بھی برآمد کی گئی۔رینجرز حکام کے مطابق گرفتار ملزمان اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ ناظم آباد اور ملحقہ علاقوں میں ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم، منشیات فروشی، ہوائی فائرنگ، موٹر سائیکل اور موبائل فون چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم شہاب نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا کہ وہ اسٹریٹ کرائم کے ساتھ ساتھ وحید کالونی میں منشیات فروشی میں بھی ملوث ہے ، جبکہ ملزم وقاص نے بتایا کہ وہ وارداتوں کے بعد اپنے ساتھیوں کو گرفتاری سے بچانے کے لیے اپنی کباڑ کی دکان پر پناہ دیتا تھا اور منشیات بھی فراہم کرتا تھا۔رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں متعدد مقدمات درج ہیں، جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ گرفتار ملزمان کو اسلحہ، ایمونیشن اور دیگر برآمد شدہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے ۔