اپوزیشن کا سالڈ ویسٹ بجٹ پر پروپیگنڈا بے بنیاد، ترجمان میئر

اپوزیشن کا سالڈ ویسٹ بجٹ پر پروپیگنڈا بے بنیاد، ترجمان میئر

ادارہ 90 فیصد کارکردگی دکھا رہا، کے فور منصوبہ 80 فیصدسے زائد مکمل ہوچکا پہلی سائنسی لینڈ فل سائٹ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ،کرم اللہ وقاصی

کراچی (پ ر)ترجمان میئر اور سٹی کونسل میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی نے کراچی کی تعمیر و ترقی اور جاری میگا پروجیکٹس کے حوالے سے جامع رپورٹ جاری کرتے ہوئے سال 2026ء کو شہر کیلئے تکمیل کا سال قرار دے دیا ۔ اپنے بیان میں ترجمان میئرنے اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے بجٹ اور کارکردگی پر کی جانے والی تنقید کو حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ ادارے کا منظور شدہ بجٹ 28.375 ارب روپے ہے جبکہ 43 ارب روپے کے اعداد و شمار قطعی بے بنیاد ہیں۔ ادارے نے بین الاقوامی سطح پر اپنی کارکردگی کو 90 فیصد تک بہتر کیا اور اب پاکستان کی پہلی سائنسی لینڈ فل سائٹ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔

جس سے کاربن کریڈٹ کی مد میں 20 ملین ڈالر کی آمدنی بھی متوقع ہے ۔شہر کے بنیادی ڈھانچے اور دیرینہ مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے کرم اللہ وقاصی نے خوشخبری سنائی کہ کے فور منصوبہ 80 فیصد سے زائد مکمل ہو چکا ہے اور دسمبر 2026ء تک اس کی حتمی تکمیل سے شہر کو یومیہ 260 ملین گیلن اضافی پانی فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ بلدیہ عظمیٰ کی جانب سے شہر میں 4 سگنل فری کوریڈور بنائے جا رہے ہیں اور 139 سڑکیں تعمیر کی جا رہی ہیں، جس سے کراچی کے ٹریفک کے مسائل کو خوش اسلوبی کے ساتھ نمٹانے میں بڑی مدد ملے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں