یونیورسٹی روڈ عوام کیلئے اذیت بن چکی ہے ، منعم ظفر
چار سال بعدریڈ لائن کاصرف 25 فیصد کام مکمل ہونا بدانتظامی ہے
کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے امیر ضلع شرقی نعیم اختر، ٹاؤن چیئر مین گلشن اقبال ڈاکٹر فواد احمد کے ہمراہ یوسی 3بلاک 5میں چلڈرن اسپتال تا نعمان سینٹر شاہراہ حکیم سعید شہید کا افتتاح کر دیا۔اس موقع پر منعم ظفر نے ٹاؤن چیئرمین اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ سڑک کی تعمیر ہماری بلدیاتی قیادت کی عوامی خدمت اور تعمیر و ترقی کی ایک اورمثال ہے ۔ موجودہ صورتحال میں گلشن اقبال ٹاؤن، جناح ٹاؤن اور صفورہ ٹاؤن سمیت یونیورسٹی روڈ کے اطراف کا بڑا علاقہ شدید مسائل کا شکار ہے کیونکہ ریڈ لائن منصوبہ 2022ء میں شروع ہوا جو آج تک مکمل نہیں ہو سکا۔
یونیورسٹی روڈ شہر کی اہم ترین شاہراہوں میں سے ایک ہے ،حکومتی نااہلی اور بدانتظامی کے باعث یہ شاہراہ عوام کیلئے اذیت بنی ہوئی ہے اور ثابت ہوا ہے کہ جب حکمرانوں کی ترجیح عوامی خدمت کے بجائے کرپشن ہو اور ان میں بہتر حکمرانی کی صلاحیت نہ ہو تو یہی نتائج سامنے آتے ہیں۔ 4سال گزرنے کے باوجود اس منصوبے کا صرف 25 فیصد کام مکمل ہو سکا ہے ۔ منور چورنگی انڈر پاس منصوبہ ایک ارب 48 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہو رہا ہے ، ایک سال گزرنے کے باوجود عوام کو یہ نہیں بتایا جا رہا کہ اس منصوبے کی اصل لاگت کیا تھی،کتنی بڑھ چکی ہے اور یہ منصوبہ کب مکمل ہوگا۔ فوری طور پر عوام کو ریلیف ملنا چاہیے ۔