میئر بغیر ہیلمٹ،لائسنس اسکوٹی پراسمبلی پہنچ گئے

میئر بغیر ہیلمٹ،لائسنس اسکوٹی پراسمبلی پہنچ گئے

گیٹ پرپولیس اہلکار نے عام آدمی سمجھ کر دروازہ بند کرنے کی کوشش کی ہیلمٹ بھی لوں گا اور لائسنس کے لیے بھی اپلائی کروں گا،مرتضیٰ وہاب

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب ٹریفک قوانین کو ہوا میں اڑاتے ہوئے الیکٹرک بائیک پر سندھ اسمبلی پہنچ گئے اور خود دو خلاف ورزیوں کا اعتراف کیا۔تفصیلات کے مطابق میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب الیکٹرک بائیک چلا کر سندھ اسمبلی پہنچ گئے ، وہ کے ایم سی ہیڈ آفس سے اہم میٹنگ کے لئے سندھ اسمبلی بائیک پر پہنچے ۔دلچسپ بات یہ رہی کہ شہریوں کے خلاف ہیلمٹ نہ پہننے پر سخت کریک ڈاؤن کرنے والی پولیس میئر کراچی کو روکنا بھول گئی، مرتضیٰ وہاب بغیر ہیلمٹ بائیک چلاتے ہوئے سندھ اسمبلی پہنچے ، جہاں انہوں نے خود دو خلاف ورزیوں کا اعتراف کیا، جس میں بغیر ہیلمٹ بائیک چلانا اور موٹر سائیکل کا لائسنس نہ ہونا شامل ہیں۔

میئر نے مسکراتے ہوئے کہا کہ اب ہیلمٹ بھی لوں گا اور لائسنس کے لیے بھی اپلائی کروں گا۔جب ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ حافظ نعیم کے ڈر سے بائیک پر آئے ہیں؟ تو میئر کراچی نے جواب دیا کہ میں کسی سے نہیں ڈرتا، خوف صرف اللہ کی ذات کا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ایم سی ملازمین کو 20 الیکٹرک بائیکس فراہم کر دی گئی ہیں اور جلد مزید بائیکس بھی دی جائیں گی۔میئر نے بتایا کہ وہ عام طور پر سائیکل چلاتے رہے ہیں لیکن زندگی میں پہلی بار موٹر سائیکل چلائی ہے ۔میئر کراچی جب اسمبلی کے گیٹ پر پہنچے تو ایک پولیس والے نے عام آدمی سمجھ کر دروازہ بند کرنے کی کوشش کی تاہم ساتھ آئے اہلکاروں نے گیٹ کھلوایا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں