عالمی بحرانوں سے نمٹنے کیلئے پائیدار پالیسیوں کی ضرورت ، گورنر
علمی مکالمہ، تحقیق اور موثر پالیسی سازی پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہوگئی، نہال ہاشمی پاکستان ہمیشہ مذاکرات، امن اور تعاون کا حامی رہا ہے،تقریب سے خطاب
کراچی (این این آئی)گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ آج کی دنیا سیاسی عدم استحکام، معاشی دباؤ، ماحولیاتی تبدیلیوں، تیز رفتار ٹیکنالوجی اور نئی جغرافیائی سیاسی کشیدگیوں کے باعث غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے ، ایسے حالات میں علمی مکالمہ، تحقیق اور موثر پالیسی سازی پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی بحرانوں سے نمٹنے کے لئے اجتماعی دانش، بین الاقوامی تعاون اور پائیدار پالیسیوں کی اشد ضرورت ہے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل افئرز کے زیر اہتمام دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
گورنر سندھ نے مزید کہا کہ پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل افیئرز نے دہائیوں سے پاکستان میں علمی تحقیق، بین الاقوامی امور کے مطالعہ اور پالیسی ڈائیلاگ کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، توانائی بحران اور عالمی معیشت کی غیر یقینی صورتحال جیسے مسائل کا سب سے زیادہ اثر ترقی پذیر ممالک پر پڑ رہا ہے ، اس لئے عالمی برادری کو مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی۔ پاکستان اپنی جغرافیائی اہمیت، سفارتی روابط اور خطے میں امن و استحکام کے لئے مسلسل کردار کے باعث عالمی سطح پر ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر ابھرا ہے اور پاکستان ہمیشہ مذاکرات، امن اور تعاون کا حامی رہا ہے۔