روہڑی:دیکھ بھال کا فقدان، نیوی پارک زبوں حالی کا شکار

روہڑی:دیکھ بھال کا فقدان، نیوی پارک زبوں حالی کا شکار

پودے سوکھ چکے ، جھولے تباہ، خستہ حال حفاظتی دیواروں سے شہری غیر محفوظشہر کے سب سے بڑے تفریحی مقام کی رونقیں ماند، فوری بحال کرنے کا مطالبہ

روہڑی(نمائندہ دنیا)دریائے سندھ کے کنارے تاریخی لینس ڈاؤن پل کے قریب روہڑی کا معروف نیوی پارک متعلقہ اداروں کی عدم توجہی اور مناسب دیکھ بھال نہ ہونے سے بتدریج زبوں حالی کا شکار ہوتا جا رہا ہے ، ایک زمانے میں یہ پارک اپنی سرسبز گھاس،گھنے درختوں،دلکش ماحول اور تفریحی سہولیات کی بدولت شہریوں کی توجہ کا مرکز تھا، تاہم آج اس کی اجڑتی ہوئی صورتحال شہریوں کیلئے باعث تشویش ہے ، شہریوں کے مطابق پارک کے وسیع سبزہ زاروں میں پھیلی گھاس جگہ جگہ سے سوکھ چکی، جبکہ حالیہ آندھیوں،طوفانوں اور بارشوں کے باعث متعدد درخت اور پودے بھی متاثر ہوئے ،پارک میں بچوں کے لیے نصب جھولے ،سلائیڈز بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، کئی جھولے ناقابل استعمال ہو چکے ، جبکہ بعض خطرناک حالت میں موجود ہیں جس کے باعث بچوں کے زخمی ہونے کے خدشات بڑھ گئے ہیں،پارک کے اطراف قائم حفاظتی دیوار بھی متعدد مقامات سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہے جس کے باعث نہ صرف پارک کی خوبصورتی متاثر ہو رہی ہے ، بلکہ سکیورٹی کے مسائل بھی جنم لے رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ دیوار کی خستہ حالی کے باعث آوارہ جانوروں کی پارک میں آمدورفت بڑھ گئی ہے جس سے سبزہ، پودوں اور دیگر تنصیبات کو نقصان پہنچ رہا ہے ۔ دیوار کے ٹوٹے ہوئے حصے بچوں اور دیگر افراد کی حفاظت کے لیے بھی خطرہ بن سکتے ہیں، شہریوں نے صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات،روشنی کی کمی،بیٹھنے کے لیے بنائی گئی جگہوں کی خراب حالت اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی پر بھی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں