گھوٹکی میں کاروکاری کے الزام پرخاتون اور مرد قتل

گھوٹکی میں کاروکاری کے الزام پرخاتون اور مرد قتل

گھات لگائے ملزمان کاحملہ، نوڈیرو میں دریا سے مچھلی ٹھیکے کے تنازع پرایک قتلمحراب پور، نوڈیرو کی نہروں سے 3لاشیں برآمد، حادثات میں بھی 2افراد جاں بحق

گھوٹکی، اندرون سندھ (نمائندگان دنیا) گھوٹکی میں سیاہ کاری کے الزام پر خاتون اور مرد کو قتل کردیا گیا، جبکہ دیگر شہروں میں حادثات وواقعات میں 5 افراد لقمہ اجل بن گئے۔ گھوٹکی میں سرحد تھانے کی حدود میں سیاہ کاری کے الزام پر خاتون اور ایک مرد کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق مقتولین کی شناخت مسمات نصرت اور ممتاز ٹانوری کے نام سے ہوئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ نوڈیرو میں کیٹی ممتاز تھانے کی حدود کچے کے گاؤں مٹھو کھوڑو کے قریب دریائے سندھ میں مچھلی کے ٹھیکے کے تنازع پر میر بحر برادری کے دو گروپوں میں فائرنگ سے اللہ جڑیو میر بحر جاں بحق اور حاجن، مجاہد، رحیم بخش، ولی محمد، شاہ بخش، مشہور اور علی خان میر بحر زخمی ہو گئے ۔ دوسری جانب گاؤں پیر جان محمد کے مقام دادو کینال سے لاش ملی، جس کی شناخت 53 سالہ محمد سلیم ولد عبدالعزیز قریشی، رہائشی شاہ خالد کالونی سکھر کے طور پر ہوئی ہے۔ محراب پور میں بھی میر واہ کینال سے لاش ملی، جس کی شناخت 44 سالہ مولا بخش ولد الٰہی بخش سیال کے نام سے ہوئی۔ ادھر سدوجا میں قومی شاہراہ پر ٹرالر کی زد میں آکر موٹر سائیکل سوار ضمیر علی ولد سکندر علی چانڈیو جاں بحق ہوگیا، ہالانی میں قومی شاہراہ پر سے ضعیف شخص کی لاش ملی، جس کی شناخت نہیں ہوسکی۔ دوسری جانب سوئی گیس پولیس چوکی کے قریب حادثے میں رکشہ ڈرائیور واجد پنہیار جاں بحق ہوگیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں