سانگھڑ، جھڈو میں بینظیر سپورٹ قسط کی رقم سے کٹوتی جاری
متاثرہ خواتین کا سانگھڑ میں احتجاج، سڑک بلاک کردی، نوٹس لینے کا مطالبہحکومت کی بھیجی گئی امداد پرمافیا قابض، ہماری کوئی فریاد سننے والا نہیں، گفتگو
سانگھڑ، جھڈو (نمائندگان دنیا)سانگھڑ میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی امدادی رقم میں مبینہ کٹوتی کیخلاف متاثرہ خواتین کی بڑی تعداد نے پریس کلب کے باہر جمع ہو کر انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور بعد ازاں میرپورخاص روڈ بلاک کر کے ٹریفک کی روانی معطل کر دی۔ احتجاج میں شریک خواتین کا کہنا تھا کہ ایک تو انہیں شدید گرمی اور نامساعد حالات میں دفاتر کے باہر ذلیل و خوار کیا جاتا ہے ، اوپر سے ان کی قلیل امدادی رقم میں سے 2,000 روپے کی کھلی کٹوتی کر لی جاتی ہے ۔ مظاہرین نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ہم پہلے ہی بے سہارا اور غریب ہیں، حکومت جو تھوڑی بہت مدد بھیجتی ہے ، اس پر بھی یہاں مافیا قابض ہے ۔ سرعام کٹوتی کا یہ بازار گرم ہے لیکن غریبوں کی فریاد سننے والا کوئی نہیں۔ متاثرہ خواتین نے اعلیٰ حکام، خاص طور پر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی انتظامیہ اور ضلعی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس کھلی ناانصافی اور کرپشن کا فوری نوٹس لیا جائے ۔ دوسری جانب جھڈو میں بھی مستحق خواتین کو حکومت سے ملنے والی امدادی رقوم میں ناجائز ایک سے دو ہزار تک مبینہ کٹوتی جاری ہے ، اور شدید عوامی احتجاج اور مطالبات کے باوجود ڈیوائس ہولڈرز کے خلاف قانون کے مطابق کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کئے گئے جس سے ڈیوائس ہولڈرز من مانی کرتے ہوئے مستحقین کی رقم سے کٹوتی کرکے لاکھوں روپے کمارہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پروگرام کے متعلقہ افسران لاکھوں روپے وصولی کے بعد ڈیوائس ہولڈروں کو ڈیوائسز دیتے ہیں۔