لی مارکیٹ میں بچے کاقتل، مرکزی ملزم کا 5روزہ جسمانی ریمانڈ
جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے آئندہ سماعت پر پیشرفت رپورٹ طلب کرلی، والدین تفتیش پرغیر مطمئن
کراچی (اسٹاف رپورٹر)لی مارکیٹ سے اغوا کے بعد 6 سالہ بچے ولی کے قتل کے مقدمے میں جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے مرکزی ملزم حمزہ کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیشرفت رپورٹ طلب کرلی۔ نیپیئر پولیس نے ملزم حمزہ کو سخت سکیورٹی میں چہرہ ڈھانپ کر عدالت میں پیش کیا۔ تفتیشی افسر نے استدعا کی کہ ملزم سے مزید پوچھ گچھ، شواہد کے حصول اور اسکے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے جسمانی ریمانڈ درکار ہے ۔ عدالت نے ملزم کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا، مقتول ولی کے والدین نے پولیس کی کارکردگی پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ مدعی کے وکیل ارسلان نے بتایا کہ واقعے کے بعد اہلِ محلہ نے چار مشتبہ ملزم پکڑ کر پولیس کے حوالے کئے ، تاہم پولیس کی عدالت میں جمع ریمانڈ رپورٹ میں صرف ملزم حمزہ کی گرفتاری ظاہر کی گئی، جو سوالات کو جنم دیتا ہے ۔وکیل نے مزید مؤقف اپنایا کہ انہوں نے پولیس سے دیگر ملزمان کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی، مگر پولیس اس حوالے سے تفصیل فراہم نہیں کر رہی۔