ای چالان سے حادثات کی شرح کم ہوگئی،ڈی آئی جی ٹریفک
چالان سسٹم آٹو جنریٹڈ ،بعض اوقات غلطیاں ممکن، انفرااسٹرکچر بہتر بنایا جا رہا چنگچی رکشوں کو مین شاہراہوں سے ہٹانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں، پیر محمد شاہ
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس (ڈی آئی جی) ٹریفک کراچی پیر محمد شاہ نے کہا ہے کہ پوری دنیا میں ہر سال 10 لاکھ افراد ٹریفک حادثات میں جانیں گنواتے ہیں تاہم ای چالان کے نفاذ کے بعد شہر میں حادثات کی شرح میں کمی ہوئی ہے ۔ پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیر محمد شاہ نے کہا کہ ای ٹکٹنگ سسٹم سیف سٹی منصوبے کا حصہ ہے جس کی مدد سے ٹریفک کے نظام میں بہتری لائی جارہی ہے ۔انہوں نے اعتراف کیا کہ چالان سسٹم آٹو جنریٹڈ ہے جس میں بعض اوقات غلطیاں ہو جاتی ہیں، جن کے ازالے اور شہریوں کو ریلیف دینے کیلئے انفرااسٹرکچر بہتر بنایا جا رہا ہے ۔ڈی آئی جی نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ برس جاری کیے گئے دستی چالانوں کے مقابلے میں اس سال ای چالان کی تعداد کم ہے تاہم ای چالان سسٹم اور لین مارکنگ کی بدولت ٹریفک کی روانی میں بہتری آئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ چوتھی لین میں جانے والے موٹر سائیکل سواروں کے خلاف بھی ای چالان جاری کیے جا رہے ہیں۔ڈی آئی جی ٹریفک کراچی پیر محمد شاہ نے کہا کہ ای چالان سے متعلق شہریوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے جلد نئی پالیسی بنائی جائے گی۔پیر محمد شاہ نے کہا کہ شہر میں چنگچی رکشوں کو مین شاہراہوں سے ہٹانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جلد کراچی میں ہر قسم کے رکشے پر پابندی عائد کی جائے گی ۔