پٹرولیم لیوی خاتمے کیلئے جماعت اسلامی کے آج ملک گیر مظاہرے
کراچی میں 13مقامات پراحتجاج، نوجوان موٹر سائیکلیں احتجاجاً بند کریں گےپٹرول پرعائد بھاری لیوی برقرار رکھ کرعوام پرمسلسل بوجھ ڈالا جارہا، منعم ظفر
کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر پٹرولیم لیوی کے خاتمے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے مطالبے کیلئے جمعہ 10 جولائی کو ملک گیر یومِ احتجاج کے سلسلے میں کراچی میں 13 مقامات پر مظاہرے ہونگے ، نوجوان بڑی تعداد میں اپنی موٹر سائیکلوں کو کچھ دیر کیلئے ان مقامات پربند کرکے اس احتجاج کا حصہ بنیں۔ پٹرول پر عائد بھاری لیوی برقرار رکھ کر عوام پر مسلسل بوجھ ڈالا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کو بتایا گیا کہ کے فور منصوبہ مزید تاخیر کا شکار ہوگا اور جو منصوبہ 2028 میں مکمل ہونا تھا اب 2029 تک بھی مکمل نہیں ہوسکے گا، یہ اہل کراچی کے ساتھ بڑا ظلم ہے ۔ سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان نے کے تھری منصوبہ مقررہ مدت سے پہلے اور کم لاگت میں مکمل کیا تھا۔کراچی کی نصف سے زائد آبادی آج بھی پینے کے صاف پانی سے محروم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اور ماڑا کے قریب طیارہ حادثہ انتہائی افسوسناک ہے ۔بلوچستان میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکاروں پر حملے قابل مذمت ہیں، حکومت و قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے کہ امن و امان قائم رکھیں اورایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا برسات سے قبل نالوں کی صفائی میں سندھ حکومت مسلسل تین برس سے ناکام ثابت ہوئی ہے ۔