فلاحی کاموں میں سیلانی سے تعاون جاری رہیگا،قونصل جنر ل ترکیہ
زلزلہ متاثرین کی امدادپر سیلانی اور پاکستانیوں کے شکر گزار ہیں،ایرگل کاداک ٹیکہ کے تحت رکشے عطیہ کرنے کی تقریب ،ماشوک پوشا ،مولانا بشیرکا خطاب
کراچی (سٹی ڈیسک)کراچی میں تعینات ترکیہ کے قونصل جنرل ایرگل کاداک نے کہا ہے کہ پاکستان میں ان کی تعیناتی بڑا اعزاز ہے اور وہ سیلانی ویلفیئر کی فلاحی سرگرمیوں سے بہت متاثر ہیں۔ماضی کی طرح فلاحی کاموں میں سیلانی سے تعاون جاری رہے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیلانی زیتون اشرف آئی ٹی پارک میں منعقدہ ایک تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا اہتمام سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ نے ترکیہ کے فلاحی ادارے ٹیکہ کے اشتراک سے کیا تھا جس میں ٹیکہ کی جانب سے عطیہ کیے گئے 20 بے روزگارافراد میں نئے رکشے تقسیم کیے گئے ۔تقریب سے سیلانی کے بانی اور چیئرمین مولانا بشیر فاروقی ،ترکش کوآپریشن اینڈ کوآرڈینیشن ایجنسی سندھ اور بلوچستان ریجن کے سربراہ ماشوک پوشا نے بھی خطاب کیا۔تقریب میں سیلانی کے ٹرسٹی عارف لاکھانی ،ابو فیصل ،رئیس فتح ،سی او او محمد غزال اور دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔قونصل جنرل نے مولانا بشیر فاروقی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ بہت کام کررہے ہیں۔خاص طور پر ترکیہ کے زلزلہ متاثرین اور ملک شام کے پناہ گزینوں تک سیلانی کی فوری مدد اور سرگرمیاں تاریخ کا حصہ ہیں اور وہ مشکل کی اس گھڑی میں ساتھ دینے پر سیلانی اور پاکستانی عوام کے شکر گزار ہیں۔بعد ازاں سیلانی کے بانی مولانا بشیر فاروقی نے رکشوں کی چابیاں تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے موجودہ قونصل جنرل کو ان کی تعیناتی پرمبارک باد پیش کی ۔بعد ازاں سیلانی کے چیئرمین مولانا بشیر فاروقی نے معزز مہمانوں میں یادگاری شیلڈز تقسیم کیں اور قونصل جنرل نے بے روزگاروں میں رکشوں کی چابیاں تقسیم کیں۔