شہر بھر کے مین ہولز میں حفاظتی جال لگانے کااعلان

شہر بھر کے مین ہولز میں حفاظتی جال لگانے کااعلان

پہلے مرحلے میں زیادہ آمدورفت والے علاقوں کو ترجیح دی جائے گیمنصوبے پر عمل درآمد کی رفتار تیز کی جائے ،مرتضیٰ وہاب کی ہدایت

کراچی (این این آئی)عوامی تحفظ کو یقینی بنانے اور مین ہولز سے پیش آنے والے افسوسناک حادثات کی روک تھام کے لیے کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے شہر بھر میں مین ہولز کے ڈھکنوں کے نیچے مضبوط حفاظتی جال (سیفٹی نیٹ) نصب کرنے کا ایک منفرد اور پائیدار منصوبہ شروع کر دیا ہے ۔ اس منصوبے کا مقصد خراب، ہٹے ہوئے یا چوری شدہ مین ہول ڈھکنوں کی صورت میں بچوں، پیدل چلنے والوں اور دیگر شہریوں کو اضافی تحفظ فراہم کرنا ہے ۔ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اعلان کیا کہ کراچی بھر میں مختلف مراحل میں مین ہولز کے نیچے حفاظتی جال نصب کیے جائیں گے ، جن میں پہلے مرحلے میں زیادہ آمدورفت والے علاقوں اور عوامی تحفظ کے حوالے سے حساس مقامات کو ترجیح دی جائے گی۔دورے کے دوران میئر کراچی نے چیف ایگزیکٹو آفیسر واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی کو ہدایت کی کہ منصوبے پر عمل درآمد کی رفتار تیز کی جائے اور بغیر کسی غیر ضروری تاخیر کے شہر بھر میں بڑے پیمانے پر اس کا آغاز کیا جائے ، تمام ضروری اقدامات جلد مکمل کیے جائیں ۔ اس موقع پر سی ای او احمد علی صدیقی نے میئر کراچی کو منصوبے کے تکنیکی پہلوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ حفاظتی جالوں کی کامیاب لوڈ ٹیسٹنگ کی جا چکی ہے ۔ اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر اسد اﷲ خان اور واٹر کارپوریشن کے دیگر سینئر افسران بھی میئر کراچی کے ہمراہ موجود تھے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں