مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے ،5 ملزمان پکڑے گئے
چھینے گئے موبائل فونز، اسلحہ نقدی اور موٹر سائیکلیں برآمد،دوملزمان فرار زخمی ملزمان کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل ،مفرور ساتھیوں کی تلاش جاری
کراچی(اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس اور مبینہ اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان مبینہ مقابلوں میں 5 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے ۔ ترجمان ضلع سینٹرل پولیس کے مطابق لیاقت آباد سوکھا گراؤنڈ، اعظم نگر کے قریب مسلح ملزمان سے مقابلے کے بعد خرم ولد شہریار اور محمد ثاقب ولد عبدالصمد نامی ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ملزمان کے قبضے سے 2 عدد 30 بور پستول، 4 زندہ راؤنڈز، موبائل فون، نقدی اور سرخ رنگ کی ہونڈا 125 موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔دونوں گرفتار ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں متعدد مقدمات درج ہیں۔دوسری جانب سپر مارکیٹ پولیس کا الیاس گوٹھ کے قریب مسلح ملزمان سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں کاشف ولد اشفاق نامی ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔گرفتار ملزم سے 30 بور پستول، لوڈ میگزین اور 2 زندہ راؤنڈز برآمد ہوئے جبکہ اس کا ساتھی موٹر سائیکل پر فرار ہوگیا۔ادھر ترجمان ضلع ایسٹ کے مطابق گلشن اقبال میں ڈاکوؤں سے فائرنگ کے تبادلے کے بعد اکرم غنی ولد خیر غنی نامی ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ملزم سے غیر قانونی پستول، ایمونیشن اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ۔ بن قاسم اسٹیل مل پل کے قریب پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، ترجمان ضلع ملیر کے مطابق پولیس مقابلے کے نتیجے میں ارشاد علی ولد قربان علی کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments