ایزل، میر رضا اور محمد ولی کے واقعات،انصاف کا مطالبہ

ایزل، میر رضا اور محمد ولی کے واقعات،انصاف کا مطالبہ

پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ ، شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت ملزمان کو فوری گرفتار،تینوں کیسز کی شفاف تحقیقات کی جائے ،شرکا

کراچی(این این آئی)ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان اور سوچ عورت کے زیرِ اہتمام کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں شہر میں پیش آنے والے 3 افسوسناک واقعات میں متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔مظاہرے کی قیادت ہیومن رائٹس کونسل کے رہنما جمشید حسین نے کی جبکہ خواتین اور مردوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ‘‘قاتلوں کو گرفتار کرو’’، ‘‘انصاف دو’’سمیت مختلف نعرے درج تھے ۔مظاہرین نے ڈیڑھ سالہ بچی ایزل سے مبینہ زیادتی، نوجوان میر رضا کے قتل اور چھ سالہ محمد ولی کی لاش ملنے کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات معاشرے میں بڑھتے ہوئے عدم تحفظ کی عکاسی کرتے ہیں۔شرکاء کا کہنا تھا کہ میر رضا کراچی کا پڑھا لکھا نوجوان اور کاروباری شخص تھاجبکہ چھ سالہ محمد ولی کی لاش کا دو روز تک سراغ نہ ملنا اور اس کے اہل خانہ کو انصاف کے لیے انتظار کرنا انتہائی افسوسناک ہے ۔مظاہرین نے حکومت اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ بچوں اور بچیوں کے خلاف زیادتی کے واقعات کی روک تھام کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے ۔اس موقع پر کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر عامر نواز وڑائچ نے بھی مظاہرے میں شرکت کرکے شرکاء سے اظہارِ یکجہتی کیا اور ان کے مطالبات کی حمایت کی۔احتجاج کے اختتام پر شرکاء نے ایزل، میر رضا اور محمد ولی کی یاد میں شمعیں روشن کیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...