سندھ مدرسۃ الاسلام میں یوم آزادی جوش و خروش سے منایا گیا
وائس چانسلر نے پرچم لہرایا، تاریخی لائبریری کا افتتاح ،آزادی واک کا انعقاد بانیِ پاکستان نے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کا درس دیا، ڈاکٹر مجیب صحرائی
کراچی(سٹی ڈیسک)سندھ مدرسۃ الاسلام یونیورسٹی نے پاکستان کا 79 واں یومِ آزادی انتہائی جوش و خروش اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ منایا۔ اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب صحرائی نے یونیورسٹی میں قومی پرچم لہرایا۔ ملک کی آزادی کی خوشی میں کیک کاٹا گیا۔ اس کے بعد وائس چانسلر کی قیادت میں آزادی واک کا انعقاد کیا گیا۔ بعد ازاں وائس چانسلر نے یونیورسٹی کی تاریخی لائبریری خان بہادر حسن علی آفندی لائبریری کی تجدید و مرمت کے بعد اس کا افتتاح کیا۔ ڈاکٹر مجیب صحرائی نے کہا کہ یہ پورے ملک کے عوام اور خاص طور پر سندھ مدرسۃ الاسلام یونیورسٹی سے وابستہ افراد کے لیے باعثِ فخر ہے کہ تحریکِ آزادی کے اہم رہنماؤں کی ایک بڑی تعداد نے بانیِ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کے ساتھ ساتھ سندھ مدرسۃ الاسلام سے تعلیم حاصل کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اس حیثیت سے سندھ مدرسۃ الاسلام یونیورسٹی ملک کی وارث ہے اور نتیجتاً اس پر اسی مناسبت سے ذمہ داریاں بھی عائد ہوتی ہیں۔ قائدِ اعظم محمد علی جناح کو شاندار خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قائدِ اعظم ایک عظیم عالمی رہنما تھے جنہوں نے طاقتور برطانوی حکمرانوں سے اپنے ملک کی آزادی حاصل کی۔ انہوں نے قائدِ اعظم محمد علی جناح کی گہری بصیرت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک وسیع فلسفے کو محض تین الفاظ اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط میں سمو دیا تھا۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے ان طلبہ کو تعریفی اسناد اور ٹرافیاں بھی دیں جنہوں نے یومِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں سندھ مدرسۃ الاسلام یونیورسٹی کے زیرِ اہتمام منعقدہ مختلف پروگراموں اور کھیلوں کے مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments