سڑک کنارے غیر قانونی ہوٹلز سربمہر کرنے کا فیصلہ

سڑک کنارے غیر قانونی ہوٹلز سربمہر کرنے کا فیصلہ

روڈ سائیڈ ہوٹلز کو کیوآر کوڈز اور ایفی ڈیوٹ کے ذریعے رجسٹرڈ کیا جائے گا،رجسٹریشن سے گریز کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی،اجلاسمتعلقہ افسران ، عملہ اور مقامی پولیس کو تجاوزات دوبارہ قائم ہونے سے روکنے کا پابند کیا جائے گا،گرانفروشوں کے خلاف کارروائیوں کی رپورٹ پیش

کراچی(اے پی پی)کراچی انتظامیہ نے گراں فروشی کی روک تھام فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر قائم تجاوزات کے خلاف جاری مہم کو موثر بنانے کیلئے مختلف اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرزنے شرکت کرکے کمشنر کراچی کو بریفنگ دی۔کمشنر کراچی نے کہا کہ گراں فروشی اور تجاوزات کے خلاف مہم کو موثر بنانے کی ضرورت ہے ۔ اجلاس میں اتفاق کیاگیا کہ انسداد تجاوزات مہم کو موثر بنانے کے لئے ٹاؤن انتظامیہ کے شعبہ انسداد تجاوزات کو متحرک کرنے کی ضرورت ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشن کو پابند کیا جاے گا کہ وہ ہٹائی گئی تجاوزات کی روک تھام کیلئے اپنا موثر کردار ادا کریں اوریقینی بنائیں کہ جو تجاوزات ہٹائی گئی ہیں وہ دوبارہ قائم نہ ہوں۔ اجلاس میں بلدیہ عظمی اور ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشنز کے شعبہ انسداد تجاوزات کو متحرک اور موثر بنانے کیلئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا اور مزید فیصلہ کیا گیا کہ متعلقہ افسران ، نچلی سطح کے انسپکٹرز، عملہ اور مقامی پولیس کو پابند کیا جائے گاکہ جو تجاوزات ہٹائی گئی ہیں وہ دوبارہ قائم نہ ہواور جو تجاوزات کے ذمہ دار ہیں ان کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف کارروائی کریں۔

اجلاس میں کرسیاں رکھ کر چائے خانہ چلانے والوں کو ان کی حدود میں رکھنے کے لئے ، فیصلہ کیاگیا کہ روڈ سائیڈ ہوٹلز کو کیوآر کوڈز اور ایفی ڈیوٹ کے ذریعے رجسٹرڈ کیا جائے گا۔ جو ہوٹلز رجسٹریشن سے گریز کریں ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور وہ سیل کر دئیے جائیں گے ۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرنے گراں فروشی کی روک تھام کیلئے کی جانے والی کارروائیوں کا جائزہ لیا اور بتایا کہ6اگست تا 31 اگست کے دوران 3,152مقامات پر اسسٹنٹ کمشنر ز نے قیمتیں چیک کیں اسی دوران 726 گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔

گرانفروشوں پر مجموعی طور پر 4,336,630روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ 12افراد کو گرفتار اور 33 دکانو ں کو سیل کیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنرز نے 232 مقامات پر اپنی نگرانی میں سرکاری نرخوں پر اشیا فروخت کرائیں۔ 7ستمبر تا 13 ستمبر کے دوران گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کی تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنرز نے تین ہزار سے زائد مقاما ت پر قیمتیں چیک کیں اورگراں فروشی پر 508گراں فروشوں پر 2,434,680روپے جرمانہ عائد کیا جبکہ 5افراد کو گرفتار اور 6دکانوں کو سیل کیا گیا۔سب سے زیادہ جرمانے ضلع ساؤتھ اور ضلع سینٹرل میں عائد کیے گئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...