خاتون کے قتل کا مقدمہ درج،مقتولہ دوست نامزد
مدعی کا مبین پر رنجش پرقتل اور چار موبائل فونز لے جانے کا الزاممقتولہ سویرا کا شوہر گزشتہ ایک سال سے دبئی میں ملازمت کررہا ہے
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)لیاقت آباد میں تیز دھار آلے کے وار کرکے خاتون کو قتل کرنے کا مقدمہ درج کرلیا گیا جس میں مقتولہ کے دوست کو نامزد کیا گیا ہے ۔پولیس کے مطابق لیاقت آباد نمبر 6 میں فلیٹ سے 30 سالہ سویرا زوجہ احمد نواز کی لاش ملنے کے واقعے کا مقدمہ قتل کی دفعہ کے تحت مقتولہ کے بھائی محمد عبداللہ کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔مقدمے کے متن کے مطابق مدعی اپنی بہن کے ساتھ رہائش پذیر تھا جبکہ سویرا کا شوہر گزشتہ ایک سال سے دبئی میں ملازمت کررہا ہے ، مقتولہ دو بچوں کی ماں تھی۔ مدعی نے پولیس کو بتایا کہ مبین نامی نوجوان اس کی بہن کا دوست تھا اور اس کا گھر آنا جانا تھا، سویرا مبین کے ساتھ جم بھی جاتی تھی۔
مقدمے کے مطابق 22 اکتوبر کی صبح مدعی اپنے کام پر چلا گیا اور دوپہر تقریباً 3 بجے بہن سے فون پر بات کی، شام کو والد نے اطلاع دی کہ سویرا کے بچے مبین کے ساتھ ٹیوشن کے لیے گئے تھے اور واپسی پر گھر کو تالا لگا ہوا تھا۔مدعی کے مطابق بہن کے موبائل فون پر رابطہ کیا گیا تو فون بند تھا۔رات تقریباً ساڑھے 11 بجے گھر پہنچا اور تالا کھول کر فلیٹ میں داخل ہوا تو سویرا خون میں لت پت مردہ حالت میں پڑی تھی۔ اسی دوران مبین بھی وہاں پہنچا تاہم مدعی کے مطابق وہ صورت حال دیکھ کر فرار ہوگیا۔مدعی نے مبین پر نامعلوم رنجش کی بنا پر تیز دھار آلے کے وار کرکے بہن کو قتل کرنے اور چار موبائل فون لے جانے کا الزام عائد کیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments