کنڈیارو:شادی کی خوشی میں فائرنگ سے لڑکی جاں بحق

کنڈیارو:شادی کی خوشی میں فائرنگ سے لڑکی جاں بحق

حیدر آباد میں خاتون کی تشدد زدہ لاش برآمد، خیرپور میں ڈھولک نواز ڈوب گیامیرپور خاص میں دندان ساز کی لاش ملی، محراب پور، روہڑی حادثات میں 6زخمی

اندرون سندھ (نمائندگان)شادی کی خوشی میں فائرنگ نے ایک اور جان لے لی، دیگر حادثات وواقعات میں 3جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔ کنڈیارو کے نواحی گاؤں پیر قرارو میں شادی کی خوشی میں فائرنگ سے 15 سالہ لڑکی الکا پروین زخمی ہوگئی، جو اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسی۔ حیدرآباد میں تھانہ مارکیٹ کی حدود سرفراز کالونی میں گھر سے خاتون کی لاش ملی، جسے مبینہ تشدد سے قتل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق خاتون کی شناخت رابعہ شاہ کے نام سے ہوئی۔ ابتدائی معائنے کے دوران مقتولہ کے سر اور چہرے پر شدید تشدد کے نشانات پائے گئے ہیں۔ خیرپور میں کار نہرمیں گرنے سے معروف ڈھولک نواز عامر دیوان ڈوب گئے ۔ریسکیوحکام کے مطابق کار ٹائی راڈ ٹوٹنے کے بعد بے قابو ہو کر روہڑی کینال میں گری، کار میں 6 افراد سوار تھے جن میں سے 5 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا، لیکن عامر دیوان نہ مل سکے۔ میرپورخاص کے علاقے جمناداس کالونی میں گھر سے دندان ساز ڈاکٹر جتیندر کمار مالہی کی پھندا لگی لاش ملی، لاش اسپتال لانے پرورثا کی جانب سے ڈاکٹرز سے متوفی کو سی پی آر اور برقی جھٹکے دینے پر اصرار کیا گیا، عمل نہ ہونے کے باعث ورثا اور ڈاکٹروں کے درمیان تلخ کلامی کے بعد جھگڑا بھی ہوا۔ محراب پور میں حادثے میں 3 افراد زخمی ہوگئے ، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ جبکہ روہڑی میمن محلے سکھ پل کے قریب دو موٹر سائیکلوں کے تصادم میں عامر شر، جواد علی شر اور عبدالکریم شر شدید زخمی ہوگئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...