سانگھڑ: 3ورکرز کی برطرفی، واپڈا ملازمین نے احتجاجاً ہڑتال کردی
دفتر کاگیٹ بند، بازوؤں پرسیاہ پٹیاں باندھ کرسب ڈویژن آفس کے باہر مظاہرہ کیاسی ای او حیسکو سے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ، اعلیٰ حکام معاملے کا نوٹس لیں، رہنما
سانگھڑ، شہداد پور (نمائندگان)سانگھڑ میں حیسکو واپڈا کے 3 ملازمین کی برطرفی کے خلاف واپڈا ملازمین سراپا احتجاج بن گئے ۔ ملازمین نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر سب ڈویژن آفس کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا، انہوں نے آفس کا گیٹ بھی بند کردیا اور کام چھوڑ ہڑتال کردی۔ اس موقع پر ہائیڈرو ورکر یونین کے چیف آرگنائزر شیر محمد نظامانی، زونل چیئرمین اصغر علی ملاح، وائس چیئرمین صاحب خان عمرانی، جنرل سیکریٹری نور حسن بھگیو اور جوائنٹ سیکریٹری علی اصغر خاصخیلی کی قیادت میں ملازمین نے احتجاج کیا، احتجاج میں شریک شیر محمد نظامانی، مصطفیٰ لغاری اور عزیز کیانی سمیت دیگر ملازمین کا کہنا تھا کہ سی او حیسکو کی جانب سے تین ملازمین کی برطرفی کا فیصلہ ناقابل قبول ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ واپڈا ملازمین سخت گرمی، شدید سردی اور مشکل حالات میں اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر عوام کو بجلی کی فراہمی یقینی بناتے ہیں، اس کے باوجود ملازمین کو برطرف کرنا ناانصافی ہے ۔ مظاہرین نے حیسکو انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ برطرفی کے فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے تینوں ملازمین کو فوری طور پر بحال کیا جائے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جب تک برطرف ملازمین کو بحال نہیں کیا جاتا، احتجاج اور کام چھوڑ ہڑتال جاری رہے گی، اور احتجاج کا دائرہ مزید بھی بڑھایا جا سکتا ہے ۔ احتجاج کے دوران ملازمین نے حیسکو انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور اعلیٰ حکام سے معاملے کا فوری نوٹس لے کر برطرف ملازمین کی بحالی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments