آٹا مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ، شاداب رضا
ٹرانسپورٹ کرایے کم نہ ہونا حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہےپرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال بنایا جائے ،سربراہ پاکستان سنی تحریک
کراچی(این این آئی)سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ ذخیرہ اندوز اور منافع خور مافیاز ملک میں معاشی عدم استحکام پیدا کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں، جبکہ بیرون ملک سے گندم کی فراہمی کے باوجود کراچی، اسلام آباد سمیت ملک کے دیگر بڑے شہروں میں آٹے کی قیمتوں میں کمی نہ ہونا لمحہ فکریہ ہے ۔ حکومت ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی یقینی بنائے ۔آٹے کی قیمتوں میں کمی نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ منافع خور مافیاز عوام کی مجبوریوں سے فائدہ اٹھا کر انہیں دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے باوجود آٹا، چینی، گھی اور دیگر بنیادی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی نہیں آئی، جبکہ ٹرانسپورٹ کے کرائے بھی بدستور بلند سطح پر برقرار ہیں۔
شاداب رضا نقشبندی نے سوال اٹھایا کہ پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے پر ٹرانسپورٹ کرایوں اور اشیاء کی قیمتوں میں فوری اضافہ کر دیا جاتا ہے ، لیکن قیمتیں کم ہونے کے باوجود عوام کو ریلیف کیوں نہیں دیا جاتا؟ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو مہنگائی کے رحم و کرم پر چھوڑنے کے بجائے حکومت عملی اقدامات کرے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال بنایا جائے ، مارکیٹوں میں سرکاری نرخوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور آٹا مافیا، ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ معاشی استحکام کا حقیقی پیمانہ عام آدمی کی خوشحالی ہے ۔ جب تک عوام کو آٹا، چینی، گھی، بجلی، گیس اور دیگر بنیادی ضروریات مناسب قیمتوں پر دستیاب نہیں ہوں گی، معاشی ترقی کے دعوے بے معنی رہیں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments