اورنگی میں 16 کروڑ 96 لاکھ کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح
زیڈ ایم سی فیملی پارک روڈ پر سیوریج سسٹم کی بحالی ، پیور بلاکس ، فقیر کالونی روڈ سے میٹروول روڈ کی بہتری و بحالی کے منصوبے شامل اختلافات اور تعصبات کو ایک طرف رکھ کر شہر کی بہتری کے لیے کام کرنا ہوگا۔ امن ہوگا تو کاروبار بڑھے گا ،میئر مرتضیٰ وہاب کا خطاب
کراچی(این این آئی)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی میں ہر قوم اور طبقے کے لوگ آباد ہیں، اس لیے اختلافات اور تعصبات کو ایک طرف رکھ کر شہر کی بہتری کے لیے کام کرنا ہوگا۔ امن ہوگا تو کاروبار بڑھے گا اور تعصب ختم ہوگا تو ترقی کی راہ ہموار ہوگی۔ شہر کو ایسا کراچی بنانا چاہتے ہیں جہاں خوف نہ ہو، بوری بند لاشیں نہ ملیں، پہیہ جام نہ ہو اور بھتے کی پرچیاں نہ دی جائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع غربی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں زیڈ ایم سی فیملی پارک روڈ پر سیوریج سسٹم کی بحالی اور پیور بلاکس لگانے ، جبکہ فقیر کالونی روڈ سے میٹروول روڈ براستہ مومن آباد اور عثمان روڈ کی بہتری و بحالی کے منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دونوں ترقیاتی منصوبوں پر مجموعی طور پر 16 کروڑ 69 لاکھ 67 ہزار روپے لاگت آئی ہے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ شہر میں ترقیاتی کام بلا تفریق اور بلا تعصب کیے جا رہے ہیں اور رواں سال 165 سڑکوں کی ازسرنو تعمیر کا منصوبہ ہے ۔ کے ایم سی کو مالی اور انتظامی طور پر مستحکم کرنے کی کوششیں جاری ہیں تاکہ آنے والے میئر کو ماضی کے مقابلے میں بہتر وسائل میسر ہوں۔میئر کراچی نے دعویٰ کیا کہ ماضی میں بلدیہ کی ماہانہ آمدنی تقریباً 15 کروڑ روپے تھی، جو اب بڑھ کر 30 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے اور رقم براہِ راست کے ایم سی کے اکاؤنٹ میں آ رہی ہے ۔ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ منصوبے کے تحت 1600 رننگ فٹ طویل اور 15 انچ قطر کی سیوریج لائن بچھائی گئی ہے۔
علاقے میں پانی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے مختلف سائز کی مجموعی طور پر 3400 رننگ فٹ پانی کی لائنیں بھی نصب کی گئی ہیں، جن میں 1500 رننگ فٹ 12 انچ، 700 رننگ فٹ 6 انچ اور 1200 رننگ فٹ 4 انچ قطر کی لائنیں شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ منصوبے میں 10 ہزار 200 رننگ فٹ کرب بلاکس لگائے گئے ہیں، جبکہ 60 ہزار مربع فٹ رقبے پر 80 ملی میٹر موٹائی کے پیور بلاکس نصب کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ مومن آباد روڈ پر ایک لاکھ 40 ہزار مربع فٹ ویئرنگ کورس کا کام بھی مکمل کیا جا چکا ہے ۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے فقیر کالونی، مومن آباد، میٹروول اور ملحقہ علاقوں میں سڑکوں، نکاسی آب اور پانی کی فراہمی کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری آنے کی توقع ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments