ریفرنڈم کے مطالبے کی کوئی آئینی حیثیت نہیں، عاجز دھامرہ
یہ نکاح پرنکاح کرنیوالی مثال، جہاں صوبے بننے چاہئیں، وہاں بنائے جائیں
حیدر آباد (بیورو رپورٹ)پاکستان پیپلز پارٹی حیدرآباد ڈویژن کے صدر عاجز دھامرہ نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما فاروق ستار پر کڑی تنقید کی اور انہیں مسخرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریفرنڈم کے مطالبے کی کوئی آئینی حیثیت نہیں ہے اور یہ بالکل ایسی مثال ہے جیسے نکاح پر نکاح کرنا۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے نئے صوبوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جہاں واقعی نئے صوبے بننے چاہئیں، وہاں نہیں بنائے جا رہے ، جبکہ سندھ میں نئے صوبے کی کوئی ضرورت نہیں، اس کے باوجود یہاں زبردستی صوبہ بنانے پر ضد کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کا دورہ بظاہر کسی بھی ایجنڈے کے تحت نہیں لگتا اور انہوں نے خود بھی کہا ہے کہ وہ طلبا سے صرف ملنے آئے ہیں، جبکہ وفاقی وزیرِ صحت بلاوجہ غلط فہمیاں پیدا کر رہے ہیں۔
ان کی خود اپنی صحت اچھی نہیں لگتی۔ عاجز دھامرہ نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا یومِ تاسیس ہر سال 30 نومبر کو بھرپور جوش و جذبے سے منایا جاتا ہے ، اور پارٹی کے قیام سے لے کر آج تک اس کے کارکنان نے جمہوریت کی بقا کے لیے بھاری قیمت ادا کی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر دور میں آمروں نے پیپلز پارٹی کو ختم کرنے کی کوشش کی اور آمریت کے ادوار میں پارٹی کارکنان پر کوڑے برسائے گئے ، جبکہ پارٹی کی قیادت نے بھی جمہوریت کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے دیے ، تاہم تمام ترسازشوں کے باوجود پیپلز پارٹی آج بھی جگنو کی طرح چمک رہی ہے ، اس کاثبوت یہ ہے کہ آج ملک کاصدر بھی پیپلز پارٹی کا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments