پٹواری سب پہ بھاری:70فیصد پٹوارخانے بند،شہری خوار

پٹواری سب پہ بھاری:70فیصد پٹوارخانے بند،شہری خوار

پٹواریوں نے منشیوں کو نکالنے پر پچھلے 15 روز سے دفاتر کو تالے لگا رکھے ہیں،شہری فرد اور انتقال کے حصول کیلئے در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبوراراضی کی خریدوفروخت کرنیوالوں کا ٹوکن ، بیعانہ داؤپر،غیر قانونی کام کرنے کی اجازت نہیں دینگے ،ایڈیشنل پٹواری بھرتی کر رہے ہیں:سینئر ممبر ریونیو بورڈ

لاہور(شبیر حیدر ظفر)شہر کے پٹواری سب پہ بھاری ہو گئے ،پٹوار خانوں کے تالے کھولنے سے انکار کر دیا۔پٹواریوں نے منشیوں کو نکالنے پر پچھلے 15 روز سے شہر کے 70 فیصد پٹوارخانوں کو تالے لگا رکھے ہیں،شہری خوار ہو کر رہ گئے ۔تفصیل کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں 208 پٹوارخانوں میں سے 70 فیصد بند ہونے کی وجہ سے فرد اور انتقال کاحصول مشکل ہو گیا، شہری در بدر کی ٹھوکریں کھانے لگے ۔تحصیل سٹی میں 32 ، ماڈل ٹاؤن 49 ، رائیونڈ 9 ، کینٹ 59 ، شالیمار میں 54 موضع جات ہیں۔ پٹوارخانوں میں تالے لگنے کی وجہ سے اراضی کی خریدوفروخت کرنیوالے شہریوں کاٹوکن ، بیعانہ داؤپر لگ گیا۔ ان کا کہنا تھا حکومت پٹوارخانوں کے حوالے سے موثر اقدامات کرے ۔پٹوار سرکل نیاز بیگ ، نواں کوٹ ، شاہدرہ ، گجومتہ ، کاچھا ، دولو کلاں ، بیلہ بستی رام ، کوٹلی گھاسی ، ہربنس پورہ ، باغبانپورہ ، کوٹ خواجہ سعید، قلعہ خزانہ ، شادی پورہ ، محمود بوٹی ، اجودھیا پور، اچھرہ ، کیر کلاں ، پنڈی راجپوتاں ، چندرائے ، کوٹ لکھپت ، جھلکے ، فتح گڑھ ، مناواں ، جلو ، رام پورہ جاگیر ، تلس پورہ ، کوٹ دونی چند ، دولو خورد ، ساندہ کلاں ، نولکھا ، پکی ٹھٹھی ، شیش محل ، شاہدرہ، نوناریاں ، نین سکھ ، راج گڑھ ، کھاڑک ، گڑھی شاہو ، تاج پورہ ، سلامت پورہ ، بھوگیوال ، رکھ سلطان کے ، ڈوگرائے کلاں ، جیا موسیٰ ، کوٹ کمبوہ ،باگڑیاں، دھرم چند ، امر سدھو سمیت تمام پٹوار خانوں پر تالے لگے ہوئے ہیں۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو بابر حیات تارڑ نے کہا غیر قانونی کام کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دینگے ، پٹوارخانوں میں ایڈیشنل پٹواریوں کی بھرتی کیلئے کام شروع کر دیا ، یہ معاملہ بہت جلد حل ہو جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں