لاہور یونیورسٹی کا کانووکیشن ، طلبہ وطالبات میں ڈگریاں تقسیم
لاہور (ایجوکیشن رپورٹر )دی یونیورسٹی آف لاہور میں 13ویں کانووکیشن کا انعقاد ہوا جس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن کی جانب سے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات میں تمغے اور اسناد تقسیم کی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق دی یونیورسٹی آف لاہور کے 13ویں کانووکیشن کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن، چیئرمین بورڈ آف گورنرز دی یونیورسٹی آف لاہوراویس رؤف، ڈپٹی چیئرمین عزیر رؤف اور ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف خصوصی طور پر شریک ہوئے ۔ 13ویں کانووکیشن کی تقریب کے دوران دی یونیورسٹی آف لاہور کی 11 فیکلٹیز کے 43 شعبہ جات کے مجموعی طور پر 10 ہزار 2 سو 27 طلبہ و طالبات کو ڈگریوں کا اجراکیا گیا۔ تقریب میں امتیازی اور نمایاں حیثیت کے حامل 708 طلبہ و طالبات کو 275 گولڈ میڈلز سمیت سلور اور برونز میڈلز سے نوازا گیا۔ محمد بلیغ الرحمٰن نے دی یونیورسٹی آف لاہور کی قوم اور ملک کی خدمت کرنے پر تعریف کی۔ نمایاں حیثیت کے ساتھ تمغے حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو ان کی شاندار کامیابی کے لیے خصوصی طور پر سراہا گیا۔