ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمرا کیفے ٹیریا کے ناقص انتظامات پربرہم

لاہور (سپیشل رپورٹر ) ایگزیکٹوڈائریکٹر نازیہ جبیں نے الحمرا کیفے ٹیریا کا دورہ کیا۔نازیہ جبیں کا کیفے ٹیریا کے ناقص انتظامات پر اظہار برہمی،ٹھیکہ منسوخ کرنے کا حکم دیا۔
ایگزیکٹوڈائریکٹر نازیہ جبیں نے کہاکہ الحمرا عالمی درجہ کا ادبی وثقافتی ادارہ ہے ،ہزاروں کی تعداد میں لوگ الحمرا آتے ہیں،عوام کے لئے معیاری کھانے پینے کی اشیا دستیاب ہونی چاہئیں۔ انہوں نے الحمرا کے مختلف مقامات پر بھی صفائی ستھرائی کا جائزہ لیا۔الحمراکے داخلی دروازے پر موجود ٹکٹ گھر کی حالت بہتر بنانے کی ہدایا ت جاری کیں۔انہوں نے سکیورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ الحمرا ہمارے ثقافتی ماتھے کا جھومر ہے ،صفائی ستھرائی،سکیورٹی سمیت کسی بھی معاملہ میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔الحمرا کا ہر شعبہ ادارے کی عکاسی کرتا ہے ، سیاحوں کو کسی بھی قسم کی شکایت نہیں ہونی چاہئے ، اس مسئلہ پر سمجھوتہ نہیں کیاجائیگا ۔