شہر کے بڑے پارکوں میں غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز

شہر کے بڑے پارکوں میں غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز

لاہور (شیخ زین العابدین) لاہور کے بڑے پارکوں میں غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز بننے کا انکشاف ہوا ہے ،جشن بہاراں کی آڑ میں سادہ لوح شہریوں سے پارکنگ فیس لینے والا گروہ پھر متحرک ہوگیا۔

باغ جناح اور گلشن اقبال پارک میں بھی پارکنگ فیس کی وصولی شروع کر دی گئی،فیسٹیول ختم ہونے کے بعد بھی جیلانی پارک میں پارکنگ فیس وصول کی جارہی ہے ۔ تفصیل کے مطابق لاہور کی سڑکیں اور پارکس غیر قانونی پارکنگ سٹینڈ مافیا کے نرغے میں آنے لگے ،پی ایچ اے انتظامیہ کے مبینہ ملوث ہونے کی وجہ سے شہر کے بڑے پارکوں میں سادہ لوح شہریوں کو لوٹنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ شہباز شریف کے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب دور اقتدار میں پارکوں میں پارکنگ فیس ختم کر دی گئی تھی۔ پی ایچ اے نے پانچ بڑے پارکوں سے لاہور پارکنگ کمپنی سے ٹھیکے بھی واپس لے لئے مگر جشن بہاراں کی آڑ میں شہریوں سے پارکنگ فیس لینے والا گروہ پھر متحرک ہوگیا۔جشن بہاراں کے دوران پی ایچ اے نے جیلانی پارک میں پندرہ روز کے لئے پارکنگ فیس وصول کرنے کی اجازت دی لیکن اس کی آڑ میں باغ جناح اور گلشن اقبال پارک میں بھی پارکنگ فیس کی وصولی شروع کر دی گئی،فیسٹیول ختم ہونے کے بعد بھی جیلانی پارک ریس کورس میں پارکنگ فیس وصول کی جارہی ہے ۔پی ایچ اے افسروں کی مبینہ ملی بھگت سے سرکاری اراضی سے پرائیویٹ ٹھیکیدار پیسے وصول کر رہا ہے ،دیدہ دلیری سے بڑے پارکوں میں ہونے والے غیر قانونی امور کے خلاف انتظامیہ کارروائی سے گریزاں ہے ۔ پرائیویٹ افراد نے پی ایچ اے کے پرانے نوٹیفکیشن کا عکس لگا کر پارکنگ فیس کی وصولی شروع کی ہے ۔روزنامہ دنیا کی نشاندہی پر ڈی جی پی ایچ اے طاہر وٹو نے نوٹس لے لیا،چوبیس گھنٹے میں متعلقہ پراجیکٹ ڈائریکٹرز سے رپورٹ طلب کر لی۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں