گرین بیلٹس سڑکوں سے نیچے کرنے کا منصوبہ زیرالتوا

گرین بیلٹس سڑکوں  سے  نیچے  کرنے  کا  منصوبہ  زیرالتوا

لاہور (شیخ زین العابدین)گرین بیلٹس کو سڑکوں سے نیچے کرنے کا پلان عمل درآمد کا منتظر ہے ،سڑکوں پر بارشی پانی کھڑا ہونے سے روکنے کیلئے منصوبہ بنایا گیا تھا۔ ایل ڈی اے نے گرین بیلٹس کو سڑکوں سے نیچا کرنے کے بجائے فٹ پاتھ بنا دئیے ۔

تفصیل کے مطابق بارشی پانی کے نکاس میں اداروں کی مبینہ کوتاہی سامنے آگئی۔سڑکوں پر بارشی پانی جمع ہونے سے بچانے کیلئے حکمت عملی تیار کی گئی مگر ایل ڈی اے ، واسا اور پی ایچ اے حکام شہر کی گرین بیلٹس کو سڑکوں سے نیچا نہ کرسکے ۔ بارش کی صورت میں پانی گرین بیلٹس کے بجائے سڑکوں پر جمع ہوجاتا ہے جو کہ ٹریفک روانی میں بڑی رکاوٹ بن رہا ہے ۔ واسا نے شہر کی8مرکزی شاہراہوں پر گرین بیلٹس کو نیچے کرنے کی فہرست بنائی،پی ایچ اے کو تمام گرین بیلٹس سڑک سے دو فٹ تک نیچے کرنے کی ہدایت کی گئی مگر مرکزی اور ملحقہ شاہراہوں پر گرین بیلٹس سڑکوں سے اونچی ہیں۔گرین بیلٹس دو فٹ تک گہری ہونے سے بارشی پانی ان میں جمع ہوجانا تھا۔ فہرست کے مطابق مادر ملت روڈ کو پنڈی سٹاپ سے مسلم چوک ،مال روڈ کو کلب چوک سے چیئرنگ کراس،مین بلیووارڈ گلبرگ ،علی زیب روڈ کی گرین بیلٹ کو سنٹر پوائنٹ سے فردوس مارکیٹ تک گہرا کرنے کی ہدایت پر عمل نہ ہوا۔ ایل ڈی اے نے اللہ ہو چوک کی گرین بیلٹس پر بھی فٹ پاتھ بنا دئیے ۔واسا انتظامیہ کا کہنا ہے کہ متعلقہ اداروں کو گرین بیلٹس کے حوالے سے استدعا کی ہے ،گرین بیلٹس کو گہرا کرنے سے بارشی پانی کا سڑکوں سے نکاس جلد ممکن ہوگا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں