عید سے قبل شہر کو زیروویسٹ کرنے پر کام شروع

لاہور (اپنے سٹی رپورٹر )ضلعی انتظامیہ نے بڑی عید سے قبل بڑی تیاریوں کا آغاز کرتے ہوئے شہر کو عید سے قبل زیروویسٹ کرنے پر کام شروع کر دیا ۔ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے فیلڈ میں صفائی انتظامات کا جائزہ لیا اور ورکنگ پلان پر فیلڈ میں بریفنگ بھی لی۔
ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے شادمان مارکیٹ اور اطراف میں صفائی کا جائزہ لیا۔ عارضی ڈمپنگ پوائنٹس روزانہ کی بنیاد پر کلیئر کیے جائیں گے ۔ کسی بھی جگہ کوڑے کے ڈھیر اکٹھے نہ ہونے دیئے جائیں تاکہ عید پر دشواری نہ ہو۔ رافعہ حیدر کا مزید کہنا تھا کہ مکینیکل سوئپنگ کی مدد سے بہترین صفائی کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے ایل ڈبلیوایم سی ورکرز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایل ڈبلیو ایم سی ورکرز لاہور شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے محنت کرتے ہیں۔ فیلڈ میں کام کرنے والا عملہ لائق تحسین ہے ۔ ڈی سی لاہور کا کہناتھا کہ کوڑا کوڑے دان میں ہی ڈالیں۔