محکمہ سکول، بھرتیوں میں مبینہ کرپشن،سابق سی ای او ذمہ دار
لاہور(عاطف پرویز سے)محکمہ سکول میں درجہ چہارم کی 420سے زائد بھرتیوں میں مبینہ بے ضابطگیوں اور کرپشن پر سابق سی ای او طارق فاروقی پر پیڈا ایکٹ لگانے کی سفارش کردی گئی۔
تفصیل کے مطابق لاہور کے سرکاری سکولوں میں درجہ چہارم کی بھرتیوں میں مبینہ بے ضابطگیوں اور کرپشن کے حوالے سے انکوائری مکمل کرکے رپورٹ سیکرٹری سکول کو بھیج دی گئی جس میں سابق سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی طارق فاروقی کو ذمہ دار ٹھہرایا گیاہے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سی ای او بھرتی ہونے والے امیدواروں کی میرٹ لسٹ فراہم نہ کرسکے ، ایسے امیدواروں کو بھی رکھا کیا گیا جنہوں نے اپلائی نہ کیا،سابق سی ای او نے جان بوجھ کر ڈسٹرکٹ ریکروٹمنٹ کمیٹی کا اجلاس نہ بلایا ۔ ابتدائی طور پر 720بھرتیوں کا اشتہار دیا گیا مگر رپورٹ کے مطابق سابق سی ای او کی مبینہ غفلت سے تمام سیٹوں پر بھرتیاں نہ ہوسکیں ۔ سی ای او نے سکول سربراہوں پردباؤ ڈال کر میٹنگ منٹس پر سائن کروائے جب کہ چند نے دباؤ قبول نہیں کیا ۔رپورٹ میں طارق فاروقی پر پیڈا ایکٹ لگانے کی سفارش کی گئی ۔ اس حوالے سے اینٹی کرپشن میں بھی انکوائری جاری ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق ڈی ای او کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔