افواج پاکستان کے شہدا ہمارا فخر ،یادگاریں قومی اثاثہ:گورنر
لاہور (سپیشل رپورٹر) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے گورنر ہاؤس میں چیئرمین سیاسی امور مرکزی جمعیت اہلحدیث علامہ محتشم الٰہی ظہیر اور ناظم سیاسی امور محمد علی یزدانی نے ملاقات کی۔
تعلیم اور موجودہ ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گورنر پنجاب نے کہا سابق وزیر اعظم نواز شریف نے 28 مئی کو عالمی دبائو کے باوجود چاغی میں ایٹمی دھماکے کر کے ملک کی سلامتی اور دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا،وطن عزیز کے لئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے سکیورٹی فورسز اور افواج پاکستان کے شہدا ہمارا فخر اور ان کی یادگاریں قومی اثاثہ ہیں۔علاوہ ازیں گورنر پنجاب نے گورنر ہائوس میں سینئر صحافی ممتاز احمد طاہر کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے حوالے سے منعقدہ تعزیتی ریفرنس کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔مجیب الرحمن شامی ، امتنان شاہد ، جمیل اطہر،حامد سعید کاظمی اور یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر نے خطاب کیا۔