مویشی منڈیاں: قربانی کے جانوروں پر ٹیکس لگانے کی تیاری

مویشی منڈیاں: قربانی کے جانوروں پر ٹیکس لگانے کی تیاری

لاہور (عمران اکبر) شہر میں مویشی منڈیوں میں قربانی کے جانوروں پر ٹیکس لگانے کی تیاری کر لی گئی۔

پچھلے 16 سال سے عیدالاضحی کے حوالے سے لگنے والی 13عارضی منڈیاں ٹیکس فری تھیں۔منڈیوں میں آڑھتیوں کو ہر جانور پر ٹیکس ادا کرنا ہو گا جس کا بلواسطہ طور پر عوام پر بوجھ پڑے گا اور جانوروں کی قیمتوں میں اضافہ ہو نے کا امکان ہے ۔چند روز قبل کمشنر نے منڈیوں کیلئے 2 ارب روپے دینے کی استدعا کی تھی لیکن سیکرٹری بلدیات نے فنڈز دینے سے انکار کر دیا۔ٹھیکیدار ٹیکس اکٹھا کریں گے ،اس بابت انہیں ہدایت کر دی گئی ۔شہر میں داخل ہونے والے قربانی کے جانوروں کی ذمہ داری ڈسٹرکٹ انتظامیہ کے سپرد ہو گی ۔کنٹریکٹرز کو شامیانے ،جنریٹرز ،لائٹس ،پارکنگ اور دیگر کام کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں ۔فنڈز کا خرچہ بیوپاریوں سے پورا کیا جائے گا ۔ اس سلسلے میں کمشنر محمد علی رندھاوا کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں ان کا کہنا تھا شہر میں عارضی مویشی منڈیاں نو پرافٹ نو لاس کے تحت لگیں گی،ان پر بلدیہ عظمیٰ کے اخراجات نہیں کئے جائیں گے ،منڈیاں ٹیکس فری نہیں ہوں گی ۔کمشنر نے کہا ایم سی ایل منڈیوں کی جگہ فائنل کرے ،ضلعی انتظامیہ نوٹیفکیشن جاری کرے گی،عارضی منڈیاں شہریوں کی سہولت کیمطابق منتخب جگہوں پر قائم ہونگی۔لاہورکے تمام ٹاؤنز میں منتخب جگہوں پر عارضی سیل پوائنٹس لگائے جائیں گے ، سکیورٹی کیلئے خصوصی پلان تشکیل دیا جائے ۔انہوں نے ایم سی ایل کو عارضی سیل پوائنٹس کے جلد قیام کی ہدایت کی۔اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ جاوید چوہان ، اور ایم سی ایل کے متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں