پارکوں میں ناقص صفائی،غیر محفوظ جھولے،شہریوں کی زندگیاں خطرے میں

پارکوں  میں  ناقص  صفائی،غیر محفوظ  جھولے،شہریوں  کی  زندگیاں خطرے  میں

لاہور (شیخ زین العابدین) پنجاب بھر کے پارکوں میں صفائی کی ابتر صورت حال ،مکینیکل جھولوں میں ناقص حفاظتی انتظامات، جھیلوں میں کشتی رانی کے دوران حفاظتی جیکٹ کا استعمال نہیں کیا جارہا۔ان نقائص کا انکشاف نگران وزیر ہاؤسنگ سید اظفر علی ناصر کے پنجاب کے دوروں کے دوران ہوا۔

محکمہ ہاؤسنگ نے پنجاب بھر کے ڈائریکٹرز جنرل پی ایچ ایز کو مراسلہ لکھ دیا۔تفصیل کے مطابق حکومتی اداروں کی عدم توجہی کے سبب پارکوں میں آنے والے لاکھوں لوگوں کی زندگیوں کو داؤ پر لگا دیا گیا، پنجاب بھر کے پارکوں کی ابتر صورت حال ہوچکی، پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹیز نے خاطر خواہ توجہ نہ دی۔محکمہ ہاؤسنگ کے مراسلے میں پارکوں میں مبینہ کوتاہیوں کی نشاندہی بھی کر دی گئی۔ مراسلے کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ پارکوں میں کینٹین اور کھانے پینے کے سٹالز پر ریٹ لسٹیں آویزاں نہیں،جھولوں میں حفاظتی اقدامات کو ملحوظ خاطر نہیں رکھا جارہا،جھولوں میں سواری کیلئے گائیڈ لائنز وضع نہیں کی گئیں،بارشوں کے دوران بھی برقی جھولوں کو بند نہ کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔ اناڑی، ان پڑھ اور جسمانی معذور افراد کوجھولے چلانے پر تعینات کیا گیا ہے ۔ پارکوں کی جھیلوں میں کشتی رانی کے دوران حفاظتی جیکٹس کا استعمال نہیں کیا جارہا، مکینیکل کشتیوں کی چیکنگ کیلئے بھی کوئی طریقہ کار موجود نہیں ہے ۔وزیر ہاؤسنگ نے 7روز میں تمام ڈائریکٹرز جنرل پی ایچ اے سے رپورٹ طلب کر لی، مراسلے میں نشاندہی کئے گئے نقائص کو ٹھیک کرنے کی ہدایت بھی کر دی گئی۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں