شاہدرہ: 2ارب کی لاگت سے نئے راوی پل کی تعمیر کا منصوبہ

لاہور(شیخ زین العابدین)شاہدرہ پراجیکٹ کے ساتھ نئے راوی پل کی تعمیر کا منصوبہ بھی شامل کر لیا گیا۔ایل ڈی اے کے تیار کردہ پی سی ون کے مطابق پل پر 2 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔
راوی سے فیروز والہ تک سگنل فری کوریڈور تعمیر کیا جائے گا۔ تفصیل کے مطابق شاہدرہ اور اس کے ملحقہ علاقوں میں ٹریفک روانی کو بہتر بنانے کیلئے ایل ڈی اے کی جانب سے شاہدرہ ملٹی لیول گریڈ سیپریشن پراجیکٹ پر تعمیراتی کام جاری ہے تاہم شاہدرہ پراجیکٹ میں راوی پل کی توسیع کا پلان بھی شامل کر لیا گیا۔ پراجیکٹ کے تحت راوی پل سے امامیہ کالونی تک سگنل فری کوریڈور کا نیا ڈیزائن بنا لیا گیا، نئے ڈیزائن کا عکس روزنامہ دنیا نے حاصل کر لیاجس کے مطابق لاہور کے اہم داخلی و خارجی راستے پر پانچ کلومیٹر سے زیادہ سگنل فری کوریڈور تعمیر کیا جائے گا، راوی پل کی مرمت، بحالی اور نئی لین کا اضافہ کیا جائے گا۔موجودہ راوی پل 6 لین پر مشتمل ہے۔ نئے ڈیزائن کے مطابق پل کی10لین بنائی جائینگی، عام ٹریفک کو چار چار لین سڑک میسر آئے گی جبکہ 2 لین میٹرو بس کیلئے مختص کی جائینگی۔ ایل ڈی اے سمیت دیگر ادارے مشترکہ طور پر شاہدرہ منصوبے کو سگنل فری بنائیں گے۔ امامیہ کالونی کے مقام پر نیشنل ہائی وے اتھارٹی فلائی اوور تعمیر کر رہی ہے، شاہدرہ چوک میں ایل ڈی اے کو ملٹی لیول گریڈ سیپریشن کا ٹاسک ملا ہے، تینوں منصوبے مکمل ہونے سے راوی روڈ سے امامیہ کالونی تک ٹریفک روانی بہتر ہوگی۔نئے ڈیزائن کو دوبارہ منظوری کے لئے پنجاب حکومت کو پیش کیا جائے گا۔