نارنگ منڈی:جعلی کلینک،اتائی انسانی جانوں سے کھیلنے لگے
نارنگ منڈی(نمائندہ دنیا) شہر اور گردونواح کے گلی کوچوں میں جعلی کلینک کھل گئے ، اتائیوں نے انسانی جانوں سے کھیلنا شروع کردیا،میڈیکل سٹوروں پر نشہ آور ادویات فروخت ہونے لگیں۔
زچہ وبچہ کلینک کی بھرمار ،محکمہ صحت کے ضلعی حکام نے چپ سادھ لی، اہل علاقہ نے سیکرٹری صحت پنجاب علی جان سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ تفصیل کے مطابق شہر اور ارد گرد کے دیہات میں اتائیوں نے جعلی کلینک اور میڈیکل سٹور بنا لئے جہاں پر سٹیرائیڈزادویات کا بے دریغ استعمال کرتے ہوئے انسانوں جانوں سے کھیلا جا رہا ہے ، مڈل اور میٹرک پاس اتائی جعلی کلینک بناکر اورمیڈیکل سٹوروں پر ہر بیماری کا علاج کرتے ہیں، مرض جب سے حد سے بڑھ جائے تو سرکاری ہسپتال لے جانے کا مشورہ دے دیتے ہیں،ضلعی حکومت کے میٹرنٹی ہومز پر ناتجربہ کار لیڈی ہیلتھ ورکرز زچہ بچہ کی زندگیاں خطرے میں ڈال دیتی ہیں، جس سے کئی قیمتی جانیں ضائع ہوچکی ہیں، ضلعی حکومت کو علم ہونے کے باوجود ان اتائیوں کے خلاف کارروائی نہیں کی جارہی بلکہ ان کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے ۔