سنی تحریک کے زیراہتمام عید میلاد النبیؐ کے سلسلہ میں ریلی
لاہور(سپیشل رپورٹر)پاکستان سنی تحریک کے زیراہتمام عید میلاد النبیؐ کے موقع پر مرکزی سالانہ میلاد ریلی جامع مسجد المدینہ ٹائون شپ سے شروع ہو کر مختلف روڈ زسے ہوتی ہوئی ٹائون شپ چوک پراختتام پذیر ہوئی۔
ر یلی سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری وسطی پنجاب سردار محمد طاہر ڈوگر نے کہا رسول اکرم ؐکی زندگی کا ہر پہلو دنیاکیلئے ہدایت و روشنی کا پیغام ہے ۔انہوں نے کہا انتہا پسندی اور شدت پسندی کو تبدیل کرنے کیلئے عالمی دنیاکواپنی سوچ کا محور بدلنا ہوگا، معاشی انقلاب، سیاسی استحکام اور دنیا کا امن تعلیمات مصطفویؐ میں ہی ہے ۔شیخ محمد نوا ز قادری ، طاہر علی خان، محمد ارشاد قادری اور دیگر نے کہا رسول اکرم ؐکی تعلیمات دنیا بھر میں امن اور محبت کا انقلاب برپاکرسکتی ہیں۔ مذہب کے نام پر سیاست غیر مہذب اور غیر شعوری عمل ہے ،دنیا کو امن کی جانب لانے کیلئے سیرت مصطفویؐ کو عام کرناہوگا ۔ اس موقع پر محمد عمیر ،محمد طاہر منہاس ،محمد طاہر لودھی ،رحمان پہلوان، سرفراز اختر خان ،مختار حیدری سمیت کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔