6 ہزار اساتذہ کی قبل از وقت ریٹائرمنٹ کیلئے درخواستیں
لاہور(عاطف پرویز سے)محکمہ سکول ایجوکیشن کی پالیسیوں سے تنگ آکر اساتذہ نے قبل از وقت ریٹائرمنٹ لینا شروع کردی، 6 ہزار اساتذہ نے محکمہ سکول ایجوکیشن کو درخواستیں جمع کرا دیں۔
تفصیل کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن اور حکومت کی سخت پالیسیوں سے تنگ سرکاری سکولوں کے اساتذہ نے وقت سے پہلے ریٹائرمنٹ کے لئے درخواستیں جمع کر انا شروع کردی ہیں ۔ محکمہ سکول ایجوکیشن ذرائع نے بتایا 6 ہزار اساتذہ نے دسمبر میں پری میچور ریٹائرمنٹ کی درخواستیں جمع کر ائی ہیں۔لیو انکیشمنٹ ،ریٹائرمنٹ ، بلا وجہ کی سزاؤں سے تنگ اساتذہ درخواستیں جمع کر ا رہے ہیں، اس وقت سکولوں میں 1 لاکھ 12 ہزار سیٹیں خالی ہیں جس کے باعث تعلیمی نظام متاثر ہو رہا ہے ۔گزشتہ تین سال میں سکولوں میں اساتذہ کی بھرتیاں نہیں کی گئیں۔ پنجاب سینئر سبجیکٹ سپشلسٹ ایسوسی ایشن کے صدر اشفاق گجر کا کہنا ہے جہاں لیو انکیشمنٹ کے قانون میں ترمیم سے اساتذہ کو مالی نقصان ہو رہا ہے وہیں اب یہ بھی شنید ہے کہ حکومت پنشن بھی ختم کرنا چاہتی ہے ۔اس لئے بڑی تعداد میں اساتذہ پری میچور ریٹائرمنٹ کے لئے درخواستیں دے رہے ہیں۔ محکمہ سکول ایجوکیشن کو چاہیے کہ فوری نئی بھرتیاں کرے ،نہیں تو سکول خالی ہو جائیں گے۔ حکومت لیو انکیشمنٹ سمیت دیگر ترمیم شدہ قوانین پر نظر ثانی کرے ۔سرکاری طور پر ریٹائرمنٹ کی عمر 60 سال ہے ،55 سال کے بعد قبل از وقت ریٹائرمنٹ لی جاسکتی ہے۔