شہر میں نمبرداری نظام مکمل فعال نہ ہوسکا، 135سیٹیں خالی
لاہور(عمران اکبر)لاہور صوبہ بھر میں نمبرداری نظام کی بحالی میں تاحال آخری نمبر پر اور 15 ماہ گزر نے کے باوجود نظام کی مکمل بحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا۔
مردم شماری میں معاونت ،اجناس وزرعی ٹیکس کا حصول ،آبیانہ ، مصالحتی عدالتیں اور دیگر امور نمبرداروں کی ذمہ داریوں کا حصہ ہیں ۔بورڈ آف ریونیو نے ڈپٹی کمشنر سے رپورٹ مانگ لی۔ تفصیل کے مطابق 15ماہ قبل 23 ہزار سے زائد موضع جات میں نمبرداروں کی ازسر نو تعیناتی کا فیصلہ کیاگیا۔ لاہور میں نمبرداروں کی کل 406 اسامیوں میں سے 135تاحال خالی ہیں ۔تحصیل لاہور سٹی میں نمبردار وں کی 4 اسامیوں میں سے 3 ، رائیونڈ میں 91 میں سے 20 اسامیاں خالی اور 21 پر عارضی نمائندے موجود ہیں ۔تحصیل کینٹ میں 147 میں سے 71 ، ماڈل ٹاؤن میں 72 میں سے 30 ، شالیمار میں 92 میں سے 11 خالی اور 43 پر عارضی نمائندے موجود ہیں ۔ ڈی سی رافعہ حیدر کا کہنا ہے رواں ماہ خالی اسامیوں کو فوری پر کرنے کی ہدایات کر دی گئی ہیں۔