خام نمک کی فروخت روکنے کیلئے سمری بھیجنے کی ہدایت
لاہور(سٹاف رپورٹر سے)نگران صوبائی وزیر مائنز اینڈ منرلز ابراہیم حسن مراد کی زیر صدارت پنجمن کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس ہوا۔
صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ خام نمک کو بیچنے سے روکنے کی سمری متعلقہ اتھارٹی کو بھیجی جائے۔ ایم ڈی پنجمن نمک کی برآمد کیلئے خصوصی سرمایہ کاری سہولت ڈویژن سے رجوع کریں۔ افغانستان کے کوئلے کی سمگلنگ سے متعلق تفصیلی رپورٹ ایک ہفتے کے اندر ثبوتوں کے ساتھ پیش کی جائے۔ انہوں نے ایم ڈی پنجمن کو پچھلے پانچ سال کی بیلنس شیٹ جمع کرانے کی بھی ہدایت کی۔ایم ڈی نے نشاندہی کی کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین کا عہدہ خالی ہے جس پر انہوں نے کہا چیئرمین کی تقرری کے لئے سمری فوری بناکر بھیجی جائے۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ، لائیو سٹاک ابراہیم حسن مراد نے رات کے آخری پہر مختلف ہسپتالوں کا دورہ کیا،جنرل ہسپتال میں تعمیراتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا،چلڈرن ہسپتال میں بھی تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا، شفٹوں میں کام کرنیوالے مزدور موقع پر موجود نہ تھے جس پر صوبائی وزیر نے ناراضی کا اظہار کیا ۔انہوں نے متعلقہ انتظامیہ کی سرزنش کی، انتظامیہ سے کام کی رپورٹ بھی طلب کی۔