محتسب : 49کروڑ 36 لاکھ مالیت کاسرکاری رقبہ واگزار
لاہور(سپیشل رپورٹر)محتسب پنجاب اعظم سلیمان خان کے حکم پر 49 کروڑ 36 لاکھ 9 ہزار 195 روپے مالیت کا کل 15 کنال 8 مرلہ 35 فٹ سرکاری رقبہ واگزار کرا لیا گیا۔
تفصیل کے مطابق صوبہ بھر سے مختلف درخواست گزاروں نے دفتر محتسب پنجاب میں سرکاری رقبہ پر تجاوزات کے حوالے سے شکایت گزاری اور استدعا کی کہ قبضہ مافیا سے سرکاری رقبہ واگزار کرایا جائے ۔اس تناظر میں محتسب پنجاب اعظم سلیمان خان نے متعلقہ صوبائی افسروں اسسٹنٹ کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ، چیف آفیسر ڈسٹرکٹ سرگودھا اور اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر ریونیو بھکر کو ہدایات جاری کیں کہ وہ فوری بنیادوں پرمذکورہ رقبہ بمقام ٹوبہ ٹیک سنگھ ،سرگودھا اور بھکر میں رقبہ ملکیتی صوبائی حکومت کی واگزاری کے لئے حسب ضابطہ کارروائی کر کے دفتر ہذا کو مطلع کریں۔اس ضمن میں حسب الحکم کارروائی کرتے ہوئے 49 کروڑ 36 لاکھ 9 ہزار 195 روپے مالیت کا کل 15 کنال 8 مرلہ 35 فٹ رقبہ واگزار کرا لیا گیا ہے۔