سرکلر روڈ: شاہ غوث لائبریری تباہی کے دہانے پر

سرکلر روڈ: شاہ غوث لائبریری تباہی کے دہانے پر

لاہور(عمران اکبر)سرکلر روڈ اندرون شہر موجود شاہ محمد غوث سرکاری لائبریری تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی، لائبریری سے مستفید ہونے والے 30 یونین کونسلوں کے 10 لاکھ مقیم علم کی روشی سے محروم ہو گئے، فنڈز موجود ہیں مگر ترقیاتی کام التوا کا شکار ہیں۔

لائبریری میں روزانہ آنے والے سینکڑوں افراد صرف اخبار پڑھ کر واپس لوٹنے پر مجبور ہیں، کتابوں کی عدم دستیابی سے مستقل ممبران کی تعداد بھی نہ ہونے کے برابر ہے جس پر ڈی سی نے اظہار افسوس کیا۔ کمشنر کے احکامات پر 3 کروڑ 43 لاکھ کے فنڈزکی منظوری کے باوجود کام شروع نہ ہو سکا۔ لائبریری کی چار دیواری، فٹ پاتھ ،برآمدہ ،کیفے ٹیر یا اور لان کی تعمیر التوا کا شکار ہے، 15 مرلہ پر محیط لائبریری ہال کو پختہ کرنے کیلئے ٹف ٹائل لگ سکی اور نہ ہی لائبریری میں 3 پبلک ٹائلٹس تعمیر کئے جا سکے۔ لائبریری 3.5کنال پر مشتمل ہے۔ الماریوں کو تاریخی طرز پر بنا کر ایلومینیم لگایا جانا تھا ۔چیف کارپوریشن آفیسر اقبال فرید کا کہنا ہے لائبریری کا کام بہت جلد شروع ہو جائے گا ۔ڈی سی و ایڈمنسٹریٹر ایم سی ایل رافعہ حیدر کا کہنا تھا لائبریری کیلئے ملٹی پرپز مغلیہ طرز تعمیر پر عمارت بنے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں